1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چمپئنز ٹرافی پاکستان ہی میں ہوگی!

شادی خان17 اکتوبر 2008

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کی دنیا کے دوسرے سب سے بڑے مقابلے، چمپئنز ٹرافی کے پاکستان ہی میں انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/FbIO
تصویر: AP

ICC نے تفصیلی پروگرام جاری کردیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق چمپئنز ٹرافی کی میزبانی دبئی کو دئے جانے کے بھی امکانات ہیں۔

پاکستان میں کرکٹ کے شائقین اور کرکٹ بورڈ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کہ آخرکار ایک بار پھر ملک میں کرکٹ کا کوئی بین الاقوامی میلہ سجے گا، جس سے تنزلی کے شکار اس کھیل میں نئی جان اوربدامنی کے شکار ملک میں کچھ رونق لوٹ آئے گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلان کے مطابق آٹھ ملکی کرکٹ چمپئنز ٹرافی اگلے سال ستمبر کی 24 سے اکتوبر کی 5 تاریخ تک پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی لیکن فی الحال اسٹیڈئمز کے بارے میں اعلان نہیں کیا گیا ۔فیصلے کے مطابق مقابلے پاکستان کے کسی ایک شہر میں ہوں گے ۔

آئی سی سی کی نظر اب بھارت کے دورہء پاکستان پر ہے جس کے بعد ہی پاکستان میں چمپئنز ٹرافی کے لئے اسٹیڈئمز، مقابلوں کے نشریاتی حقوق سمیت دیگر معاملات پر حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔ بھارت کی کرکٹ ٹیم اگلے سال جنوری اور فروری کے ماہ میں پاکستان جاکر وہاں تین ٹیسٹ ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

یاد رہے کہ پا کستان میں امن امان کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے چمپئنز ٹرافی کا انعقاد اس سال ستمبر میں اس لئےممکن نہیں ہوپایا تھا کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان آنے سے صاف صاف انکار کردیا تھا جبکہ آسٹریلیاء، برطانیہ اور نیوزی لینڈ بھی پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں تھے۔