1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چوتھے ایک روزہ میچ میں بالآخر آسٹریلیا کو شکست

27 جنوری 2011

انگلینڈ نے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں بالآخر آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔ سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کا یہ چوتھا انٹرنیشنل میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا۔

https://p.dw.com/p/105kM
تصویر: AP

اس ڈے اینڈ نائٹ میچ کا ٹاس انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ پچاس اوورز میں انگلینڈ کی ٹیم نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر شاندار 299 رنز اسکور کیے اور میزبان آسٹریلیا کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات ٹروٹ کے شاندار 102 رنز رہے، جس میں چھ چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر پرائر نے بھی 67 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

Cricket England Australien
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پانچواں میچ اب برسبین میں 30 جنوری کو کھیلا جائے گاتصویر: AP

آسٹریلوی باؤلر ہسی نے 21 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسمتھ نے 33 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلوی ٹیم نے جب 300 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر واٹسن اور ہیڈن نے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا۔ مگر 32 کے مجموعی اسکو پر آسٹریلیا کو پہلا نقصان ہیڈن کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ٹریملٹ کی گیند پر سٹراؤس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ جس کے فوری بعد محض ایک رن کے اضافے کے بعد مارش پویلین واپس سدھار گئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے اوپنر واٹسن نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جبکہ سمتھ 46 ناٹ آؤٹ اور وائٹ 44 رنز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے بہترین سکورر رہے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز کے اختتام تک سات وکٹوں گنوا کے 278 رنز تک ہی پہنچ سکی۔

انگلینڈ کے باؤلرز اینڈریسن اور ٹروٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شہزاد، ٹریملٹ اور کولنگ ووڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ میچ کا بہترین کھلاڑی انگلینڈ کے ٹروٹ کو قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی اس سیریز میں میزبان اب تک کھیلے جانے والے تینوں ایک روزہ میچوں میں فتح حاصل کرچکا ہے۔ سیریز کا پانچواں میچ اب برسبین میں 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں