1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چوری کیا گیا قیمتی ہیرا چینی خاتون کے پیٹ سے برآمد

عاصمہ علی14 ستمبر 2015

چینی خاتون قیمتی ہیرا چوری کرنے کے بعد تھائی لینڈ سے فرار ہونا چاہتی تھی۔ ہیرے کو چھپانے کے لیے خاتون نے اسے نگل لیا تھا، جسے اب آپریشن کے بعد اس کی آنتوں سے نکال لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GWC5
USA Diamant 100 Karat wurde bei Sotheby's verkauft
تصویر: picture alliance / Photoshot

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ایک چینی خاتون جو کہ بنکاک سے ممکنہ طور پر چوری کیا گیا قیمتی ہیرا نگلنے کے بعد تھائی لینڈ سے فرار ہونا چاہتی تھی، اس کی آنتوں سے قیمتی پتھر نکالنے کے بعد اس کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق انتالیس سالہ خاتون آج پیر کے روز عدالت میں پیش ہوں گی۔ اس خاتون نے زیورات کے میلے میں ایک نقلی ہیرے سے ایک قیمتی دو لاکھ بہتر ہزار ڈالر کے ہیرے کو بدل دیا تھا۔

تفتیش کاروں نے اسے اس وقت پکڑا جب بنکاک کے سورنابھومی ایئر پورٹ پر ایک ایکسرے مشین میں دیکھا گیا کہ اس خاتون کی آنت میں ہیرا ہے۔ تینتیس سالہ چینی آدمی جو اس عورت کے ساتھ سفر کر رہا تھا اس کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

خاتون کو پہلے آنتوں کی صفائی کا محلول دیا گیا لیکن جب اس سے بھی کام نہ بنا تو ڈاکٹرز سے رابطہ کیا گیا کہ کیسے اس ہیرے کو آنت سے نکال دیا جائے۔ پولیس کرنل مانا ٹین ماونگ پک نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’اب وہ بالکل ٹھیک ہے اور اسے ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ اس خاتون کو نون تھا بوری کی صوبائی عدالت میں پیش کیا جائے گا جو یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا مزید تفتیش کے لیے اس خاتون کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔

پولیس جنرل ہسپتال کے ترجمان، پولیس لیفٹیننٹ کرنل انچھولی تھیرا ونگ پیسل نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے آنت سے ہیرا نکالنے کے لیے مختلف آلات استعمال کیے۔ انھوں نے مزید بتایا، ’’ہیرا نکالنے میں صرف بارہ منٹ لگے۔ یہ ایک عام سی سرجری تھی سوائے اس کے کہ اس میں دس ملین بھات کی مالیت کا ہیرا شامل تھا۔‘‘

ستمبر 2011 میں بھی ایک چور نے اسپین میں برطانوی خاتون سے ہیرا چرا کر نگل لیا تھا۔

اسی طرح فروری 2014 میں ایک برطانوی شہری کو بھی آسٹریلیا میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ وہاں سے ایک لاکھ اسی ہزار ڈالر کی مالیت کے ہیرے کے ساتھ پرواز کی کوشش کر رہا تھا۔ تفتیش کاروں کو اس بات کا یقین تھا کہ اس شخص نے ہیرا نگلا ہوا ہے لیکن وہ ہیرا کبھی بھی برآمد نہ ہو سکا۔