1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھاتی کا سرطان کم عمر خواتین کے لئے خطرہ

Q. Zaman2 اکتوبر 2008

جرمنی کی سب سے بڑی ہیلتھ انشورنس کمپنی اے او کے نے خواتین میں بڑھتے ہوئے بریسٹ کینسر یا چھاتی کے سرطان کے حوالے سے ایک معلوماتی سیمینار کا کولون شہر میں اہتمام کی۔ا

https://p.dw.com/p/FP3Q
تصویر: picture-alliance/ dpa

اس میں اُن خواتین کو مدعو کیا گیا جنہوں نے اِس کمپنی سے انشورنس کروا رکھی ہے۔ تینتیس سالہ فلیسیٹس بھی اس سیمینار میں شریک تھیں۔ اس سیمینار میں موجودگی کی وجہ بتاتے ہوئے وہ کہتی ہیں:’’ ایک عورت ہونے کی حیثیت سے مجھے بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی ہونی چاہیے۔ پہلے میں نے اس موضوع پر کبھی سوچا نہیں تھا لیکن جب انشورنس کمپنی کی طرف سے مجھے دعوت نامہ ملا تو میں نےسوچا یہ ایک اچھا موقع ہے بریسٹ کینسر کے بارے میں معلومات حا صل کرنے کا اور بریسٹ کینسر کی وجوہات اور اس کی علامت کے بارے میں معلومات حاصل کرنا کوئی بری بات بھی نہیں۔ ‘‘

فیلیسیٹس مزیدکہتی ہیں کہ سیمینار میں شرکت کرنے سے انہیں بریسٹ کینسر کےبارے میں کافی معلومات ملی ہیں اور اب وہ یہ معلومات اپنی تمام دوستوں تک پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ جیسے کہ سیمینار میں انہیں بذات خود معائنہ کرنے کا طریقہ سکھایا گیا ہے۔’’مجھے پہلے علم نہیں تھا کہ کوئی بھی لڑکی اپنا معائنہ بذات خودکر سکتی ہے۔ اب میرے پاس کچھ معلومات ہیں اور اس وجہ سے اب مجھے یہ یاد رہے گا کہ کب اور کیسے مجھے اپنا معائنہ کرنا ہے۔ ورنہ تو ہم صرف سوچتے رہ جاتے ہیں اور کرتے کچھ نہیں ۔‘‘

Kanada Musik Bryan Adams
گلوکار برائن ایڈمز بریسٹ کینسر کے مریضوں کی مدد کے لیے فنڈ ریزنگ پروگرام کے دورانتصویر: AP

سیمینار میں موجود جرمن ڈاکٹروں کی ٹیم نے نہ صرف خواتین کوبریسٹ کینسر یا چھاتی کے سرطان کی علامات جاننے کے لئیے معا ئنہ کرنے کا طریقہ بتایا بلکہ ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر اور بریسٹ کینسر سے متعلق حقائق سے بھی آگاہ کیا۔ وہاں موجود ایک ڈاکٹر کا کہنا تھا:’’بریسٹ کینسر جرمنی اور دوسرے یورپی ممالک میں بہت پھیل چکا ہے۔ چار ہزار خواتین ہر سال رحم یا بچہ دانی کے کینسر کا شکار ہوتی ہیں۔ اور تقریباٍ دس ہزار اوواریز یا بیظہ دان کے کینسر کے اور اڑتالیس سے پچاس ہزار خواتین بریسٹ کینسر کے مرض میں مبتلا ہوتی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر نویں عورت اس مرض کا شکار ہوتی ہے۔‘‘

ڈاکٹروں کے مطابق پہلے یہ مرض زیادہ تر پچاس سے ساٹھ سال کی عمر کے درمیان کی عورتوں میں پایا جاتا تھا، لیکن اب کم عمر خواتین بھی اس بیماری میں بہت تیزی سے مبتلا ہو رہی ہیں اور نوجوان خواتین کو کم از کم سال میں ایک مرتبہ اپنا معائنہ ضرور کروانا چاہٍے۔ سیمینار میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ مائیں اپنی بیٹیوں سے اس خطرناک مرض سے متعلق بات چیت کریں اور باقاعدگی سے چیک اپ کروانے کی عادت ڈالیں۔

Liz Hurley und Gwyneth Paltrow bei Brustkrebs Foundation
ایکٹریس اور ماڈل لز ہرلی ساتھی اداکارہ کے ساتھ بریسٹ کینسر ریسرچ فاؤنڈیشن ک نیویارک منعقدہ تقریب میںتصویر: AP


کینسر سے متعلق چند خبریں:

امریکہ کے ماہرین ادویات سازی نے کہا ہے کہ ہڈیوں کی بیماری میں استعمال ہونے والی دوا زومیٹا چھاتی کا سرطان روکنے میں معاون ہے۔ حال ہی میں شائع شدہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق بریسٹ کینسر کے علاج کے دوران ہڈیوں کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے زومیٹا نامی دوا استعمال کی جاتی ہے جو علاج میں کافی حد تک کا ر گر ثابت ہوئی ہے۔

ماہر ڈاکٹروں نے سرطان سے متاثرہ خواتین کی بافتوں کا مطالعہ کے بعد جسم میں پیرابنس کی موجودگی کو کینسر کا سبب قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حسن و زیبائش کے لیے کاسمیٹکس کا مسلسل استعمال چھاتی کا سرطان پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق کاسمیٹکس مصنوعات کے دیر تک محفوظ کرنے والا کیمیائی مادہ پیرا بنس چھاتی کے سرطان کا سبب بن رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے صحت کے مطابق پاکستان میں ہونے والی کل ہلاکتوں میں سے6.1 فیصد کینسر کے باعث ہوتی ہیں۔ پاکستان میں عورتوں میں چھاتی اور مردوں میں پھیپھڑوں کا سرطان عام طور پر زیادہ تشخیص ہورہا ہے جبکہ مردوں اور عورتوں کی سرطان کے باعث اموات کی بڑی وجہ بھی یہی کیسز ہے۔

ماہرین کی ایک تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوشت کو بھوننا ضروری ہے مگر بھنا ہوا گوشت کثرت سے استعمال کرنے کی عادت جسم کے اندر ایسی کیمیاوی تبدیلیاں لانے کا باعث بنتی ہے جس سے جسم کے بعض خلیئے خود بخود متحرک ہو کر سرطان کے عمل کو دعوت دیتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ آگ پر بھنے ہوئے گوشت میں چربی گوشت کے اندر تک سرایت کر جاتی ہے جس کی وجہ سے خون کے اندر ایک مخصوص تبدیلی آنے لگتی ہے یہ تبدیلی بھی سرطان کا باعث بنتی ہے۔