1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیئرمین پی آئی اے مستعفی

13 دسمبر 2016

پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل نے اپنے عہدے سے استعٰفی دے دیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق سہگل نے نجی وجوہات کی بنا پر اس عہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UBLm
Pakistan International Airline PIA
تصویر: Reuters/F. Mahmood

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ترجمان دانیال گیلانی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’’ہاں چیئرمین پی آئی اے (اعظم سہگل) اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں‘‘۔ مقامی اخبار ڈان کے مطابق گزشتہ ہفتے چترال سے اسلام آباد کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے بعد سہگل پر بہت زیادہ دباؤ تھا۔ گیلانی نے مزید کہا کہ اعظم سہگل نے اپنے استعفے میں صرف ذاتی وجوہات کا ذکر کیا ہے۔ گیلانی نے اس تناظر میں مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔

تاہم یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے کہ کیونکہ پاکستان میں ایسا کم ہی ہوتا کہ کسی بڑے حادثے یا سانحے کے بعد اُس ادارے کا سربراہ مستعفی ہو جائے یا ذمہ داری قبول کرے۔

سہگل کو ناصر جعفر کی جگہ اس ادارے کا سربراہ بنایا گیا تھا۔ جعفر نے پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف کی جانے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران دو ملازمین کے ہلاک ہونے کے واقعے پر اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد مئی 2016ء میں حکومت نے اعظم سہگل کا یہ ذمہ داری سونپی تھی۔

سہگل ایک معروف صنعت کار ہیں اور انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ انہیں بڑے کاروباری اداروں اور کارپوریشنز کو چلانے کا وسیع تجربہ بھی ہے۔ وہ 2013ء سے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل تھے۔ تاہم انہیں چیئرمین بنانے پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تھی۔