1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: ریئل میڈرڈ سات سال بعد کوارٹر فائنل میں

17 مارچ 2011

ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے یورپی فٹبال ٹیموں کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ریئل میڈرڈ کو گزشتہ سات برسوں میں پہلی بار چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10axi
Marcelo گول کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: dapd

ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے یورپی فٹبال ٹیموں کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ریئل میڈرڈ کو گزشتہ سات برسوں میں پہلی بار چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔

پری کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں اس ہسپانوی کلب نے فرانسیسی کلب لیوں کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان پری کوارٹر فائنل کے دونوں میچوں کا مجموعی تناسب ایک کے مقابلے میں چار گول رہا۔ میڈرڈ کی طرف سے Marcelo اور Angel di Maria نے گول کیے۔

پری کوارٹر فائنل ہی کے ایک دوسرے میچ میں مشہور برطانوی فٹ بال کلب چیلسی نے ڈنمارک کے کوپن ہیگن کلب کو مجموعی تناسب کی بنیاد پر شکست دے دی۔ چیلسی اور کوپن ہیگن کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ چیلسی نے پری کوارٹر فائنل کے اپنے پہلے میچ میں کوپن ہیگن کو دو گول سے شکست دی تھی اور اسی وجہ سے چیلسی کی ٹیم اب کوارٹر فائنل تک پہنچی ہے۔

NO FLASH Champions League FC Bayern Inter Mailand
انٹرمیلان اور جرمن کلب بائرن میونخ کے کھلاڑی مد مقابلتصویر: picture alliance/dpa

قبل ازیں منگل کو چیمپئنز لیگ کے ایک میچ میں اطالوی کلب انٹرمیلان نے جرمن کلب بائرن میونخ کو ہرا دیا ہے۔ اس شکست کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم اس ٹورنا منٹ سے باہر ہو گئی تھی۔ منگل کے میچ میں ہار میونخ کی تیسری بڑی شکست تھی۔

بائرن میونخ کے خلاف میچ میں انٹر میلان کے سیموئل ایٹو نے کھیل شروع ہوتے ہی گول کر دیا تھا۔ تاہم جرمن صوبے باویریا کے کلب بائرن میونخ نے اس کا بدلا کچھ یوں چکایا کہ پہلے ہاف کے دوران نہ صرف کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی بلکہ دو گول بھی کر دیے۔ ماریو گومیس اور تھوماس مُلر کے گولوں کی بدولت میونخ کی ٹیم دو ایک کی برتری سے دوسرے ہاف میں پہنچی تھی۔

وقفے کے بعد کھیل شروع ہوا تو پہلے میلان کے لیے کھیلنے والے جرمن کھلاڑی شنائڈر نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ اس کے بعد دونوں طرف سے گول ہونے بند ہو گئے۔ کھیل کے آخری حصے میں مقدونیہ سے تعلق رکھنے والے گوران پانڈیو نے گول کرکے انٹر میلان کو 88 ویں منٹ میں ایک بار پھر برتری دلا دی، جس کے بعد میونخ کی ٹیم آخر تک سنبھل نہ سکی اور یہ میچ دو کے مقابلے میں تین گول کے فرق سے ہار گئی۔

فٹ بال کا موجودہ سیزن بائرن میونخ کی ٹیم کے لیے بہت برا ثابت ہوا ہے۔ پچھلی مرتبہ بنڈس لیگا کی چیمپئن بننے والی یہ ٹیم ان مقابلوں میں بھی اب بہت پیچھے ہے اور موجودہ سیزن کے اختتام تک یہ اعزاز بھی لازمی طور پر کھو دے گی کیونکہ اس کا بنڈس لیگا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں سے پوائنٹس کا فرق بہت زیادہ ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید