1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کی فاتح ریال میڈرڈ

عابد حسین29 مئی 2016

اٹلی کے شہر میلان میں ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے گیارہویں مرتبہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی اپنے نام کر لی ہے۔ فائنل میچ ریال میڈرڈ اور ایتلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

https://p.dw.com/p/1Iwbz
تصویر: Reuters/S. Rellandini

میلان کے سان سیرو اسٹیڈیم میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر چیمپئنز لیگ جیتنے والی ریال میڈرڈ کے کھلاڑی جب واپس پہنچے تو ہزاروں مداحوں اور شائقین نے اُن کا بے مثال استقبال کیا۔ ریکارڈ ساز ہسپانوی کلب نے گیارہویں مرتبہ یورپی کلبوں کے سب سے اہم ٹورنامنٹ اور معتبر چیمپئن شپ کو جیتا ہے۔ میڈرڈ پہنچنے پر جس بس میں فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو بٹھایا گیا تھا، اُس پر جلی حروف میں ’چیمپئنز‘ لکھا ہوا تھا۔

سان سیرو اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ کو ریال میڈرڈ اور ایتلیٹیکو میڈرڈ نے مقررہ ایک سو بیس منٹ میں ایک ایک گول سے برابری پر ختم کیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں گولڈن شاٹ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے لگائی اور ریال میڈرڈ فائنل میچ جیت گئی۔ گزشتہ تین برسوں میں ریال میڈرڈ نے اپنے ہی شہر کی حریف ٹیم کو چیمپئنز لیگ کے فائنل میں دوسری مرتبہ شکست دی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کی بتیس لاکھ کی آبادی ریال میڈرڈ اور ایتلیٹیکو میڈرڈ کے شائقین پر مشتمل خیال کی جاتی ہے۔

Fußball Champions League Finale Atletico Madrid v Real Madrid
رونالڈو پنالٹی کک پر گول کرتے ہوئےتصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

میڈرڈ کے سنتیاگو بیرنابیو اسٹیڈیم میں پچاس ہزار شائقین کے لیے بڑی اسکرینوں کا بندوبست کیا گیا تھا اور سارے میچ کے دوران یہ اسٹیڈیم ریال کے مداحوں کے شور سے گونجتا رہا۔ ریال میڈرڈ کے کھلاڑی بھی صبح چھ بجے میلان سے جب واپس میڈرڈ کے علاقے سیبیلز پہنچے تو سینکڑوں لوگ نصف شب سے اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منانے میں مصروف تھے۔

آج رات ریال میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ بیرنابیو اسٹیڈیم میں ایک اور یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے اور اُس میں کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔

میڈرڈ کے علاقے سیبیلز سے محض پانچ سو میٹر کی دوری پر نیپاٹینو فاؤنٹین کا بڑا چوراہا ویران اور اداس تھا کیونکہ وہاں ایتلیٹیکو کے مداحین جشن منانے کے لیے جمع نہیں تھے۔ فٹ بال سیزن میں ایتلیٹیکو کے شائقین اِسی فوارے کے گرد جمع ہو کر اپنے ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا کرتے ہیں۔

اسپین کے عبوری وزیراعظم ماریانو راخوئے نے ریال میڈرڈ کی جیت کو شاندار قرار دیتے ہوئے اِس فائنل میچ کو ایک انتہائی مشکل اور شاندار میچ قرار دیا۔ راخوئے نے شاندار کھیل پیش کرنے پر دونوں ٹیموں کو مبارک بار پیش کی ہے۔ فٹ بال کے ناقدین اور مبصرین بھی تین برسوں میں دو مرتبہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیتنے پر ریال میڈرڈ کی انتظامیہ، کھلاڑیوں اور کوچ زیڈان کی تعریفوں کے پُل باندھ رہے ہیں۔

چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ براہ راست دو سو ملکوں میں ٹیلی وژن پر نشر کیا گیا اور تقریباً ایک سو اسی ملین افراد نے یہ میچ دیکھا۔