1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کے سنسنی خیز مقابلے میں بائرن میونخ کی جیت

24 فروری 2011

چیمپئنز لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں جرمن کلب بائرن میونخ نے دفاعی چیمپئن اطالوی کلب انٹر میلان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10ObK
تصویر: dapd

اٹلی کے شہر میلان میں کھیلے گئے اس میچ میں میلان کے گول کیپر جولیو سیزر سے آخری لمحات میں ایک غلطی سرزد ہوئی، جو انہیں خاصی مہنگی پڑی۔

بائرن میونخ کے سٹرائیکر ماریو گومیز نے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کا واحد گول کیا۔ میلان کے Giuseppe Meazza سٹیڈیم میں میزبان ٹیم کے افسردہ تماشائی حیرت میں ڈوبے رہے۔ چیمپئنز لیگ کے سابقہ سیزن کے فائنل میں انٹر میلان نے بائرن میونخ کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی تھی۔

اس جیت کے بعد جرمن کلب کا مورال خاصا بلند ہوا ہے، جو حالیہ سیزن کے دوسرے مرحلے میں ان کے بہت کام آئے گا۔ اگلا مرحلہ 15 مارچ سے جرمنی میں شروع ہورہا ہے۔

Fußball Champions League Inter Mailand FC Bayern München
بائرن میونخ اور میلان کے مقابلے کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa

میلان کے برازیلین کوچ لیونارڈو نے تسلیم کیا کہ دونوں ٹیموں کا دفاع بہت مضبوط تھا اس لیے میچ میں زیادہ گول نہ ہوئے۔ انہوں نے اپنے گول کیپر کو مورد الزام ٹہرانے سے انکار کیا۔ بائرن میونخ کے کوچ Louis van Gaa نے اس جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم اپنی کھوئی ہوئی فارم دوبارہ حاصل کرلے گی۔

چیمپئنز لیگ میں راؤنڈ آف 16 کے دوسرے مقابلے میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ فرانسیسی کلب Olympique Marseille سے نہ جیت سکا۔ فرانس میں کھیلا گیا یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ مانچسٹر کے کوچ ایلکس فیرگوسن نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم اپنی صلاحیتوں کے مطابق نہیں کھیلی۔ دوسری جانب Olympique Marseille کے کوچ Didier Deschamps نے میچ برابر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے Didier Deschamps 1998ء کے عالمی کپ کی فاتح فرانسیسی ٹیم کے قائد تھے۔ چیمپئنز لیگ کے میچز اب 8 مارچ کو دوبارہ شروع ہوں گے جبکہ 16 ٹیموں میں سے 8 کے انتخاب کے لیے مقابلے ہوں گے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : امتیاز احمد