1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد،جنوبی افریقہ نے کھیلنے معذرت کر لی

عاطف توقیر23 اگست 2008

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کے صدر نے پاکستان میں جاری سیکیورٹی صورتحال کے باعث چمپئنز ٹرافی سے جنوبی افریقہ کا نام واپس لے لیا ہے۔ٹورنامنٹ کے پاکستان میں منعقد ہونے کے حوالے سے آئی سی سی حتمی فیصلہ اتوار کو کرے گی۔

https://p.dw.com/p/F3au
تصویر: AP

نارمن ارینڈنے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے وہ پاکستانی حق کا احترام کرتے ہیں تاہم اس وقت انہوں نے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو درپیش سیکوریٹی خدشات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے فیصلہ آئی سی سی ٹاسک ٹیم سے ملاقات کے بعد کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آئی سی سی سے ٹورنامنٹ ری شیڈول کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

اُدھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے جنوبی افریقہ کے اس فیصلے کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹورنامنٹ متاثر ہو سکتا ہے۔ ایک ایسے موقعے پر جب اتوار کو آئی سی سی ، چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنا حتمی فیصلہ کرنے والی تھی ۔ جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کا یہ اعلان انتہائی مایوس کن ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم دنیائے کرکٹ کی ایک بڑی ٹیم ہے اور اس کے نہ کھیلنے کے فیصلے سے ایونٹ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔شفقت نغمی نے کہا کہ ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی کو کرنا ہے تاہم ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ یہ ایونٹ پاکستان ہی میں ہو۔