1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئز لیگ میں بالآخر لیور کوزن کی جیت

29 ستمبر 2011

فٹ بال کے یورپی ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ میں جرمن کلب بائر لیور کوزن نے گروپ ای میں اپنا میچ جیت لیا ہے۔ تاہم جرمنی ہی کے کلب ڈورٹمند کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

https://p.dw.com/p/12ikN
تصویر: dapd

لیور کوزن نے گروپ ای کے میچ میں Racing Genk کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ لیور کوزن کے لارس بیندیر نے کھیل کے پہلے ہاف ہی میں اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی تھی۔

دوسرا گول میشائل بالاک نے کیا۔ جرمن ٹیم کے اس سابق کپتان نے پہلے نروس دکھائی دیتی ہوئی اپنی ٹیم کو قدم جمانے میں مدد دی، جس کے بعد انہوں نے مدمقابل ٹیم کے ایک کھلاڑی کی ناقص ہِٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول داغ دیا۔

بیندیر نے پہلا گول میچ کے تیسویں منٹ میں اس وقت کیا، جب وہ گول پوسٹ سے کافی دُور تھے۔ اس سے قبل لیور کوزن کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے چند مواقع گنوا دیے تھے۔ اس کے برعکس بیندیر ایک مشکل اینگل سے گول کرنے میں کامیاب رہے۔

سن دو ہزار پانچ کے بعد چیمپیئنز لیگ میں لیور کوزن کی یہ پہلی جیت ہے۔ اس سے پہلے انہیں اپنے گزشتہ تین میچوں میں شکست کا سامنا رہا ہے، جن میں جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ کے ہاتھوں صفر تین کی شکست بھی شامل ہے۔

Champions League 2011/2012 Olympique Marseille - Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ کو مارسے نے ہرایاتصویر: picture-alliance/dpa

اُدھر چیمپیئنز لیگ میں گروپ ایف کے ایک میچ میں فرانسیسی کلب مارسے نے جرمنی کے کلب ڈورٹمنڈ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ دو میچوں میں جیت کے ذریعے چھ پوائنٹس حاصل کرکے مارسے کی گروپ ایف میں پوزیشن اب کافی مستحکم ہو گئی ہے اور گروپ ایف میں وہ سب سے آگے ہے۔

اس گروپ میں دوسرے نمبر پر آرسنل ہے، جس کے پوائنٹس چار ہیں۔ اس نے بدھ ہی کو یونان کے کلب اولمپیاکوس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی ہے۔

چیمپیئنز لیگ کے دیگر مقابلوں میں اسپین کے کلب بارسلونا نے BATE Borisovکو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید