1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: بائرن میونخ کی فتح اور رونالڈو کی سینچری

3 نومبر 2011

چیمپیئنز لیگ کے بدھ کے روز ہونے والے مقابلوں میں جرمنی کے فٹ بال کلب بائرن میونخ نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ دوسری جانب پرتگال سے تعلق رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے ریئال میڈرڈ کے لیے اپنے سو گول مکمل کر لیے۔

https://p.dw.com/p/134HL
کرسٹیانو رونالڈوتصویر: AP

بدھ کے روز یورپی فٹ بال کلبوں کی چیمپیئنز لیگ میں کھیلے گئے میچوں میں ہسپانوی فٹ بال کلب ریئال میڈر نے لیون کو دو صفرسے شکست دے دی۔ برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ گروپ سی کے ایک میچ میں اوتیلول گالاتی کو دو صفر سے ہرا کر اپنے گروپ میں سر فہرست ہو گیا ہے۔ ایک اور برطانوی کلب مانچسٹر سٹی نے ہسپانوی کلب ویا ریئال کو تین صفر سے ہرا یا، جبکہ گروپ اے کی جرمن ٹیم بائرن میونخ ناپولی کے خلاف میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت گئی۔ اطالوی ٹیم اے سی میلان نے بھی اپنا میچ جیت لیا۔

جرمن کلب بائرن میونخ کے ناپولی کے خلاف میچ میں ماریو گومیز نے ہیٹ ٹرک کی۔ بائرن مانچیسٹر یونائیٹڈ سے تین پوائنٹس کی برتری پر ہے۔

Flash-Galerie Fußball Champions League FC Bayern München SSC Neapel
بائرن میونخ اور ناپولی کے میچ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa

ریئال میڈرد، ایف سی بارسلونا اور اے سی میلان چیمپیئنز لیگ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پیش قدمی کر چکے ہیں۔ ریئال میڈرڈ کے فارورڈ رونالڈو نے میچ میں دو گول کیے۔ اس کے ساتھ ہی اپنے کلب کے لیے ان کے مجموعی گولوں کی سینچری بھی مکمل ہو گئی۔

پرتگال سے تعلق رکھنے والے رونالڈو کا میڈرڈ کے لیے سینچری کرنے پر کہنا تھا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ وہ اتنی جلد کلب کے لیے سو گول کر لیں گے۔

قبل ازیں ایف سی بارسلونا کے فارورڈ لیونیل میسی نے بارسلونا کے لیے دو سو گول کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل