1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ نیو ساؤتھ ویلز نے جیت لی

24 اکتوبر 2009

کرکٹ چیمپیئنز لیگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ آسٹریلیا کی ٹیم نیو ساؤتھ ویلز نے جیت لیا ہے۔ بھارتی شہر حیدرآباد میں جمعہ کو کھیلے گئے فائنل میں نیو ساؤتھ ویلز نے ویسٹ انڈیز کی ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو کو اکتالیس رنز سے شکست دی۔

https://p.dw.com/p/KEFP
فائنل میں بریٹ لی نے شاندار آل راؤنڈر کارکردگی دکھائیتصویر: AP

فائنل میں شکست ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی ہار تھی جبکہ نیوساؤتھ ویلز کی جانب سے بریٹ لی نے زبردست آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اڑتالیس رنز بنائے جبکہ صرف دس رنز کے عوض دو وکٹیں بھی گرائیں۔

فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انسٹھ رنز بنائے۔ ٹرینیڈیڈ اینڈ ٹوبیگو کی ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور ایک سو اٹھارہ کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

Cricket West-Indien
فائنل میں شکست ٹی اینڈ ٹی کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی ہار تھیتصویر: AP

تاہم یہ یکطرفہ مقابلہ نہیں تھا۔ دونوں ٹیموں کے دوران سخت مقابلہ ہوا۔ ابتداء میں ٹی اینڈ ٹی میچ پر حاوی تھی۔ ایک موقع پر اس نے نیوساؤتھ ویلز کی چھ وکٹیں گرا کر اسے تراسی رنز تک محدود کر دیا تھا۔ تاہم بریٹ لی کی زبردست بلے بازی نے ٹیم کو سہارا دیا۔

بعدازاں انہوں نے گیند بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ٹی اینڈ ٹی کی اننگز کے آغاز پر ہی اسے دو وکٹوں سے محروم کر دیا۔ دراصل اس میچ کے دس اوورز سے ہار جیت کا فیصلہ ہوا۔ نیوساؤتھ ویلز کے آخری پانچ اوورز، جن میں بریٹ لی نے اپنی ٹیم کو بہتر ہدف مقرر کرنے کا موقع دیا، اور ٹی اینڈ ٹی کے پہلے پانچ اوورز، جس دوران اس کی قیمتی وکٹیں ضائع ہو گئیں۔

فاتح ٹیم کو پچیس لاکھ امریکی ڈالر کا انعام دیا گیا ہے۔ رنراپ ٹیم کو تیرہ لاکھ ڈالر دیے گئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ