1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: کوارٹر فائنل میچوں کا دوسرا مرحلہ

7 اپریل 2010

یورپی فٹ بال کلبوں کے اہم ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے دو کوارٹر فائنل میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ دو مزید میچ آج بدھ کو کھیلے جائیں گے۔ جرمن فٹ کلب بائرن میونخ کا میچ انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/MoiE
تصویر: AP

ہسپانوی شہر بارسلونا میں کھیلے جانے والے ایک کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپیئن بارسلونا نے لندن کے مشہور کلب آرسنل کو چاروں شانے چت کر کے یہ میچ جیت لیا۔ اس کامیابی سے بارسلونا کی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ کوارٹر فائنل میچوں کے دوسرے مرحلے میں منگل کو بارسلونا نے آرسنل کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔

چاروں گول بارسلونا کے فارورڈ کھلاڑی لیونل میسی نے کئے۔ میسی کا تعلق ارجنٹائن سے ہے۔ انہوں نے چار میں سے تین گول میچ کے پہلے ہاف میں کئے۔ لیونل میسی کو فیفا کا سال کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ مجموعی طور پر بارسلونا کا کھیل انتہائی شاندار تھا۔ آرسنل کی جانب سے ایک گول کیا گیا۔

Fußball Champions League FC Barcelona - Arsenal Flash-Galerie
لیونل میسی تیسرا گول کرنے کے بعدتصویر: AP

چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میچوں کے سلسلے میں دوسرے مرحلے کا ایک اور میچ میلان شہر میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں اطالوی فٹ بال کلب انٹرناسیونال نے مہمان روسی شہر ماسکو کی ٹیم کو ایک گول سے ہرا دیا۔ ایک بار پھر ماسکو کلب کے گول کیپر کا کھیل شاندار تھا۔ اس کے شاندار کھیل کی وجہ سے میلان شہر کے کلب کو صرف ایک گول سے اس میچ میں فتح حاصل ہوئی۔ ماسکو میں کھیلے گئے پچھلے ہفتے کے کوارٹر فائنل میچ میں بھی انٹرناسیونال کلب کو ایک ہی گول سے فتح حاصل ہوئی تھی۔ اس اطالوی کلب کو سات سال بعد یورپ کے معتبر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچنے کا موقع ملا ہے۔

بدھ کے روز چیمپیئنز لیگ کے دو مزید کوارٹر فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں سے ایک میچ جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ اور انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا۔ گزشتہ ہفتہ میونخ میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلے میں یہ میچ آخری سیکنڈز میں بائرن میونخ نے جیتا تھا۔ مانچسٹر یونائیٹد کے ہوم گراؤنڈ پر بائرن میونخ کو انتہائی سخت مقابلے کا سامنا ہو گا۔ دوسرا کوارٹر فائنل میچ فرانسیسی کلبوں لیوں اور بوردو کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں انہی دونوں ٹیموں کے مابین میچ لیوں نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیتا تھا۔

اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے چاروں میچ اپریل کے آخری ہفتوں میں کھیلے جائیں گے۔ ایک سیمی فائنل بارسلونا اور انٹرناسیونال کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل کے بھی دو مرحلے ہوں گے۔ چیمپیئنز لیگ کا فائنل بائیس مئی کو ہسپانیہ کے شہر میڈرڈ میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک