1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپینز لیگ ٹی 20، ممبئی انڈینز کی فتح

10 اکتوبر 2011

چیمپئنز لیگ ٹی 20 کے فائنل میں ممبئی انڈینز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 31 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ 139رنز کے تعاقب میں بنگلور کی ٹیم 108رنز کے اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/12ogE
ہربھجن سنگھتصویر: AP

اتوار کے دن چنئی میں کھیلے گئے نوکیا چیمپئنز لیگ ٹی 20 کے فائنل میں ممبئی انڈینز کے کپتان ہربھجن سنگھ نے عمدہ بولنگ کی اور بنگلور کی ٹیم کو باندھ کر رکھ دیا۔ انہوں نے اپنے چار اوورز میں بیس رنز کے عوض تین قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے آف سپنر نے دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے کرس گیل اور ویراٹ کوہلی کے علاوہ بنگلور کے کپتان ڈینیئل ویٹوری کو آؤٹ کیا۔ اس عمدہ کارکردگی پر انہیں بہترین کھلاڑی کو ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ہربھجن سنگھ نے جیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’ ہم نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جب ہم نے بولنگ کا آغاز کیا تو ہم نے میدان سنبھال لیا۔ ہم نے صرف گیل، دلشان اور کوہلی کو آؤٹ کرنا تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی انڈینز کو معلوم تھا کہ وہ اپنی شاندار بولنگ کے باعث کسی بھی ٹوٹل کا دفاع کر لیں گے۔

Flash-Galerie Indien Sport Cricket Mumbai Indians
اس تورنامنٹ میں ہربھجن سنگھ نے اچھی کپتانی کے ساتھ عمدہ بولنگ بھی کیتصویر: AP

ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور ایک ایسی سست وکٹ پر رائل چیلنجرز بنگلور کو 139رنز کا ہدف دیا، جہاں دھواں دھار بیٹنگ کرنا مشکل تھا۔ ممبئی کی طرف سے نمایاں بلے باز نیوزی لینڈ کے جیمز فرنکلین رہے، جنہوں نے 41 رنز بنائے۔

بنگلور نے جب ایک معقول ٹوٹل کا تعاقب شروع کیا تو ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور سری لنکا کے تلکارتنے دلشان نے پہلے چار اوورز میں اڑتیس رنز بنائے۔ دلشان نے بیس گیندوں پر ستائیس رنز بنائے۔ انہیں اس ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے لاستھ ملنگا نے آؤٹ کیا۔ کرس گیل بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے اور ویراٹ کوہلی کے پویلین لوٹنے کے بعد ممبئی نے کھیل کا کنٹرول مکمل طور پر سنبھال لیا۔

میچ کے بعد ڈینیئل ویٹوری نے کہا،’ ہمارا خیال تھا کہ یہ ایک مشکل ہدف ہے تاہم ہم اسے حاصل کر لیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اگرچہ اچھا آغاز کیا لیکن بعد میں ممبئی انڈینز نے عمدہ بولنگ کی اور پانسہ پلٹ دیا۔

یہ امر اہم ہے کہ ممبئی انڈینز کی ٹیم اپنے اسٹار بلے باز سچن تندولکر کی عدم موجوگی کے باعث ہی اس مہنگے ترین ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ ممبئی انڈینز کو چیمپئن بننے پر بطور انعام 2.5 ملین ڈالر کی نقد رقم دی گئی جبکہ رنر اپ بنگلور کی ٹیم کو 1.3 ملین ڈالر کی انعامی رقم ملی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد