1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی فوجی پریڈ، طاقت کا ’سب سے بڑا‘ مظاہرہ

امتیاز احمد3 ستمبر 2015

چینی دارالحکومت بیجنگ میں بڑے پیمانے پر فوجی پریڈ کا انعقاد کرتے ہوئے آج ’یومِ فتح‘ منایا جا رہا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد چین کی طرف سے اپنی فوجی طاقت کا یہ سب سے بڑا مظاہرہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1GQT8
China Militärparade in Peking 70. Jahrestag Ende 2. Weltkrieg Bildergalerie
تصویر: Reuters/D. Sagolj

دارالحکومت بیجنگ میں اس پریڈ کا انعقاد براعظم ایشیا میں دوسری عالمی جنگ کے اختتام اور ٹوکیو حکومت کی طرف سے شکست کے اعلان کے ستّر برس مکمل ہونے کی یاد میں کیا جا رہا ہے۔ اس پریڈ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سمیت کوئی تیس ملکوں کے رہنما شریک ہوئے۔ پاکستانی صدر ممنون حسین بھی اسی پریڈ کے سلسلے میں چین کے دورے پر ہیں۔

China Militärparade in Peking 70. Jahrestag Ende 2. Weltkrieg Bildergalerie
تصویر: picture-alliance/dpa/Li Ga

اس تقریب سے پہلے چین نے اپنی فوج کی نفری میں تین لاکھ کی کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔ چین کی فوج اس وقت تقریباﹰ تئیس لاکھ فوجیوں پر مشتمل ہے اور اس کا شمار دنیا کی سب سے بڑی فوجوں میں ہوتا ہے۔ تاہم چینی صدر شی جن پنگ نے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا کہ فوج میں کمی کب تک کی جائے گی۔ چین اپنی فوج کو جدید ترین بنانے میں مصروف ہے اور یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کاری فوجیوں کی تعداد بڑھانے کی بجائے جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ہتھیاروں کی تیاری میں کی جا رہی ہے۔

China Militärparade in Peking 70. Jahrestag Ende 2. Weltkrieg Bildergalerie
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Maohua

چینی صدر کا پریڈ سے پہلے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’تعصب اور امتیازی سلوک، نفرت اور جنگ سے صرف تباہی اور درد پیدا ہوتا ہے۔ چین ہمیشہ پر امن ترقی کے راہ کی پاسداری کرے گا۔‘‘ اس کے بعد شی جن پنگ کی طرف سے سیاہ رنگ کی لیموزین میں بیٹھ کے پریڈ کے فوجیوں کی قطاروں کا معائنہ کیا گیا۔ اس پریڈ میں بارہ ہزار سے زائد فوجی شریک تھے، جن میں سے زیادہ تر تعداد چینی فوجیوں کی تھی لیکن روس، پاکستان اور دیگر ملکوں کے فوجی بھی شریک تھے۔ اس پریڈ میں پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بھی ایک مبصر گروپ کے طور پر شرکت کرتے ہوئے ایک وفد کی قیادت کی۔

China Militärparade in Peking 70. Jahrestag Ende 2. Weltkrieg Bildergalerie
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Wong

دوسری عالمی جنگ میں شرکت کرنے والے فوجیوں کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے پریڈ میں لایا گیا، جب کہ ان کی گاڑیوں کے بعد بیلسٹک میزائل، ٹینک اور بکتر بند گاڑیوں کو عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ ان میں سے متعدد ہتھیار ایسے تھے، جو اس سے پہلے کبھی بھی عوامی سطح پر نہیں دیکھے گئے۔ جدید جیٹ اور بمبار طیاروں کے مختلف کرتب بھی دکھائے گئے۔

China Militärparade in Peking 70. Jahrestag Ende 2. Weltkrieg Bildergalerie
تصویر: Reuters/D. Sagolj

امریکی شہر نیویارک میں ایسٹ ویسٹ انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ تجزیہ کار گریگ آسٹن کا کہنا تھا کہ فوجیوں میں کمی کا چین کی عسکری طاقت میں کمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ چین ابھی یہی پیسہ فوج کے ان شعبوں میں لگانا چاہتا ہے، جہاں اس کا اسٹریٹیجک اثر زیادہ ہو گا۔