1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں ایپل کی جعلی الیکٹرانک مصنوعات

25 جولائی 2011

چینی حکام کے اپنے بیانات کے مطابق انہوں نے صرف جنوب مغربی چین کے شہر کن منگ میں ہی پانچ جعلی ایپل سٹورز کا پتہ چلایا ہے۔

https://p.dw.com/p/122oV
تصویر: picture-alliance/dpa

پیر 25 جولائی کو اس شہر کی انتظامیہ نے انٹرنیٹ پر بتایا ہے کہ ان پانچ میں سے دو دکانوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے کیونکہ وہ کاروباری اجازت نامے کے بغیر چلائی جا رہی تھیں۔ تاہم انتظامیہ کے مطابق دیگر تین دکانوں کے خلاف وہ کچھ نہیں کر سکی کیونکہ وہاں ایپل کی کوئی جعلی مصنوعات فروخت نہیں کی جا رہیں۔

اکیس جولائی 2011ء کو اُتاری گئی اس تصویر میں ایک موٹر سائیکل سوار Kunming شہر میں ایک جعلی ایپل اسٹور کے سامنے سے گزر رہا ہے
اکیس جولائی 2011ء کو اُتاری گئی اس تصویر میں ایک موٹر سائیکل سوار Kunming شہر میں ایک جعلی ایپل اسٹور کے سامنے سے گزر رہا ہےتصویر: dapd

گزشتہ ہفتے کن منگ میں آباد ایک امریکی خاتون نے اپنے "BirdAbroad" نامی بلاگ میں لکھا تھا کہ اُسے اتفاق سے شہر میں تین ایسے اسٹورز کا پتہ چلا تھا، جو خود کو ہر اعتبار سے اصلی ایپل کے اسٹورز ظاہر کر رہے تھے۔ ان اسٹورز کے سیلز مینوں نے باقاعدہ ایپل کی ٹی شرٹس بھی پہن رکھی تھیں اور گلے میں ایپل کی ناموں کی تختیاں بھی لٹکا رکھی تھیں۔ اس بلاگ میں ان اسٹورز کی تصاویر بھی شائع کی گئی تھیں اور اُن کے اصلی ہونے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

اس بلاگ کے منظر عام پر آنے کے بعد انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ پر ایک ہلچل مچ گئی۔ تب سے چین کے صنعتی اور کاروباری شعبے سے متعلق حکام نے اس شہر میں الیکٹرانک مصنوعات فروخت کرنے والے تمام مراکز کا معائنہ شروع کر رکھا ہے۔

معائنہ کاروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تمام الیکٹرانک اسٹورز کے کاروباری اجازت ناموں کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ اُنہیں کن کن کمپنیوں کی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت ہے۔ ان معائنوں کے نتائج جلد منظر عام پر لانے کا یقین دلایا گیا ہے۔

Kunming شہر میں ایپل کے ایک اسٹور کا اندرونی منظر
Kunming شہر میں ایپل کے ایک اسٹور کا اندرونی منظرتصویر: dapd

چین میں ایپل کمپنی کے چار اصل اسٹورز ہیں۔ ان میں سے دو اسٹور دارالحکومت بیجنگ میں اور دو شنگھائی میں ہیں۔ ایپل کمپنی کا کوئی اسٹور کن منگ میں نہیں ہے البتہ ایپل کمپنی نے اس شہر کے تیرہ اسٹورز کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کا اجازت نامہ دے رکھا ہے۔

دُنیا کے دیگر ممالک کے شہریوں کی طرح چینی شہری بھی ایپل کی مصنوعات کے دیوانے ہیں۔ دوسری جانب چین کو دُنیا بھر میں نقلی مصنوعات تیار کرنے والا سب سے بڑا ملک بھی کہا جاتا ہے اور وہاں دُنیا کی مشہور ترین کمپنیوں کی بنی ہوئی گھڑیوں، ملبوسات، سافٹ ویئر، فلموں، کاروں کے پُرزہ جات اور ادویات کی نقول ’نقل بمطابق اصل‘ کے اصول پر تیار کی جاتی ہیں اور پھر یہ جعلی مصنوعات غیر قانونی طور پر چین ہی نہیں، دُنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔

رپورٹ: خبر رساں ادارے / امجد علی

ادارت: امتیاز احمد