1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈاکٹر عامر لیاقت کی رمضان ٹرانسمیشن، سوشل میڈیا پر تنقید

بینش جاوید7 جون 2016

ماہ رمضان کے شروع ہونے کے ساتھ ہی پاکستان کے ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشنز کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر اپنی رمضان ٹرانسمیشن کا اشتہار جاری کر کے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1J1v0
Pakistan Aamir Liaquat Hussain
تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan

پاکستان میں خصوصی رمضان ٹرانسمیشن گزشتہ چند برسوں سے کافی مشہور ہیں۔ ٹی وی چینلز مختلف انداز سے ماہ رمضان کے پروگرامز پیش کرتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ ریٹنگ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی بہت سے ٹی وی چینلز ایک سے بڑھ کر ایک شو کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

پاکستان ٹی وی چینل جیو سے منسلک ڈاکٹرعامر لیاقت اپنی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں۔ وہ کئی مرتبہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ رمضان میں دکھائے جانے والے ان کے خصوصی پروگرامز پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کے اشتہار کو جاری کیا جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔

اس اشتہار میں انہوں نے فوجی یونیفارم پہنا ہے اور انہیں گولی لگی ہوئی ہے۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسے ہیں لیکن پاکستان کا جھنڈا بلند ہے۔ اس کے علاوہ یونیفارم میں ان کی اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر کئی افراد نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ان کی رائے میں یہ ریٹنگ لینے کی کوشش ہے۔ فیس بک کی صارف شنیلا سکندر نے لکھا، ’’رمضان کی دکانیں سج گئی ہیں ہر چینل پر۔‘‘ کئی افراد نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی تصاویر کو فوٹو شاپ کر کے بھی شئیر کی ہیں۔

جہاں سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو وہیں ان کے مداح ان کے حق میں بھی بیانات دے رہے ہیں۔