1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈبے میں بند سُوپ کے نقصانات، نئی تحقیق

23 نومبر 2011

امریکی ماہرین کی ایک نئی ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ مسلسل کئی دنوں تک دھاتی ڈبے یا ٹِن میں بند سُوپ پینے والے افراد میں بسفینول اے نامی نقصان دہ کیمیائی مادے کی شرح بہت زیادہ ہو جاتی ہے۔

https://p.dw.com/p/13Fyi
تصویر: AP

یہ تحقیق امریکہ کی مشہور زمانہ ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی طرف سے کی گئی۔ اس کے نتائج امریکی میڈیکل ایسوسی ایشن کے جریدے کے تازہ ترین شمارے میں شائع ہوئے ہیں۔ واشنگٹن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس ریسرچ سے محققین کو پتہ یہ چلا کہ ایسے لوگ جنہوں نے مسلسل پانچ روز تک tinned soup پیا، ان کے پیشاب میں bisphenol A نامی کیمیائی مادے کی شرح تازہ سُوپ پینے والے افراد کے مقابلے میں 12 گنا یا 1200 فیصد تک زیادہ ہو گئی۔

ماہرین کے بقول یہ ریسرچ اپنی نوعیت کی ایسی پہلی تحقیق ہے جس میں ڈبوں میں بند خوراک یا canned food کے استعمال سے انسانی جسم میں BPA کی سطح میں تبدیلی کو ناپنے کی کوشش کی گئی۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے اسکول آف پبلک ہیلتھ کے Epidemiology ڈیپارٹمنٹ کی پی ایچ ڈی کی ایک طالبہ جینی کاروائل نے بتایا کہ انسانی جسم میں BPA مادوں کے بارے میں کافی عرصے سے تحقیق کی جاتی ہے۔

Bildergalerie Atomwaffen 66 Jahre Hiroshima USA Schutzraum
تصویر: AP

انہوں نے کہا، ’’یہ بات تو ہمیں کافی عرصے سے پتہ تھی کہ ایسے مشروبات پینے سے، جو پلاسٹک کی سخت بوتلوں میں بند ہوں، انسانی جسم میں بی پی اے کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔‘‘ تاہم Jenny Carwile نے یہ بھی کہا کہ اس بارے میں نئی تحقیق یہ اشارہ دیتی ہے کہ دھاتی ڈبوں یا ٹِن میں بند اشیائے خوراک کی وجہ سے انسانی جسم میں اس کیمیائی مادے میں اضافے کی شرح تشویش ناک حد تک زیادہ ہو جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ حقائق اس لیے زیادہ پریشان کن ہیں کہ ترقی یافتہ ملکوں میں ڈبوں میں بند اشیائے خوراک کے استعمال کا رجحان بہت زیادہ ہے۔ جینی کاروائل نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جو ریسرچ کی، اس میں بی پی اے کی سطح ناپنے کے لیے جسمانی وزن کی بجائے اس مادے کی پیشاب میں موجودگی کے تناسب کو معیار بنایا گیا۔

Luftdicht verpaktes Fleisch
تصویر: picture alliance/Photocuisine.de

Bisphenol A یا BPA ایک ایسا کیمیائی مادہ ہے جو اینڈوکرائن کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے۔ جانوروں پر کی گئی تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ اگر جسمانی وزن کے تناسب سے کسی جاندار میں اس کی مقدار 50 مائیکرو گرام فی کلو گرام یا اس سے زیادہ ہو جائے تو متعلقہ جاندار کا افزائش نسل کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔

بی پی اے اشیائے خوراک کی پیکنگ کے لیے استعمال ہونے والے دھاتی ڈبوں کی اندرونی سطح کے علاوہ پلاسٹک کی بوتلوں کی اندرونی سطح پر بھی پایا جاتا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید