1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈوئچے بنک نے پوسٹ بینک کے تیس فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے

Qurratulain Zaman12 ستمبر 2008

جرمنی کے سب سے بڑے سرمایہ کاری بینک ڈوئچے بینک نے پوسٹ بینک کے تقریباً تیس فی صد حصص کو خرید نے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈوئچے بینک کے مطابق وہ پوسٹ بینک کے حصص 2.79 بلین یورو کی نقد رقم میں خریدے گا۔

https://p.dw.com/p/FHDl
تصویر: AP

ڈوئچے بینک کے صدر جوزف اکرمین نے اس موقع پر کہا ’’جیسے مذاکرات کامیاب رہے اگر ایسے ہی اشتراک بھی کامیابی سے ہمکنار ہوا تو مجھے یقین ہے کہ ہمارا مستقبل شاندار ہو گا۔‘‘

پوسٹ بینک کے نگران ادارے ڈوئچے پوسٹ کے چیف فرانک آپل بھی ڈوئچے بینک کے صدر جوزف اکر مین سے اتفاق کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’ہم نے ایک ایسا معاہدہ کیا ہے جس سے ہمارے صارفین، ملازمین اور شیئر ہولڈر سبھی کو فائدہ ہوگا۔‘‘

دونوں بینکوں کے درمیان طے پائے جانے والے سودے کی حتمی منظوری اینٹی ٹرسٹ ریگو لیٹری حکام نے دینی ہے۔ جس کے بعد اس معاہدے پر عمل درآمد اگلے سال کے پہلے حصے میں ہوگا۔ اس سمجھوتے کے تحت ڈوئچے بینک کو پوسٹ بینک کی جانب سے یہ اختیار بھی دیا ہے کہ وہ مستقبل میں اس کے مزید اٹھارہ فی صد حصص صرف پچپن یورو فی شیئرکے حساب سے خرید سکتا ہے۔

پوسٹ بینک ڈوئچے پوسٹ کی معاون تنظیم ہے اور عام صارفین کو بینکاری کی سہولیات پہنچانے والا سب سے بڑا جرمن بینک ہے۔ اس کے تقریباً پندرہ ملین کھاتے دار ہیں اور ہر جرمن شہر میں اس کی کئی شاخیں موجود ہیں۔ دوسری جانب ڈوئچے بینک جرمنی میں سب سے بڑا پرائیویٹ بیکنگ ادارہ سمجھا جاتا ہے اور معاہدے پر عمل درامد کے بعد اُس کے کھاتہ دار بھی لاکھوں میں شمار کئے جائیں گے ۔ اس وقت ڈوئچے بینک کے 9.7 ملین صارفین صرف جرمنی میں ہیں۔ اِس معاہدے کے بعد جرمنی کا ڈوئچے بینک دنیا کا بتیس واں بڑا بینک بن جائے گا۔