1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈوئچے ویلے بنگالی نشریات بنگلہ دیشی ایف ایم پر

9 مارچ 2010

ڈوئچے ویلے ریڈیو کے شعبہ بنگالی نے بنگلہ دیش کے ایک ایف ایم ریڈیو ’بنگلہ دیش بیٹار‘ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔ اب ڈوئچے ویلے کی بنگالی سروس کی نشریات بنگلہ دیش میں ایف ایم پر سنی جا سکیں گی۔

https://p.dw.com/p/MO1B
تصویر: Deutsche Botschaft/Dhaka

رواں سال ڈوئچے ویلے کی بنگالی سروس اپنے 35 سال مکمل کر رہی ہے۔ اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر بنگالی سروس نے اپنی نشریات کو مزید مقبول بنانے کے لئے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے ملک کے مقبول ترین اور تقریبا پورے ملک میں سنے جانے والے ایف ایم ریڈیو بنگلہ دیش بیٹار کے ساتھ تعاون کا منصوبہ بنایا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ڈوئچے ویلے بنگالی سروس کے پروگرام اب بنگلہ دیش میں ایف ایم کی لہروں پر بھی سنے جا سکیں گے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کو باقاعدہ قانونی شکل دینے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط بھی کر دئے گئے ہیں۔

نو مارچ کو عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جب اس معاہدے پر دستخط کئے گئے تو ملکی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت عبدالکلام آزاد اور بنگلا دیش میں تعینات جرمن سفیر ہولگرمیشاعیل بھی وہاں موجود تھے۔

اس موقع پر ’بنگلہ دیش بیٹار‘ کے ڈائریکٹر جنرل محمد محبوب العالم اور جرمن شہر بون میں ڈوئچے ویلے اکیڈمی کی مینیجنگ ڈائریکٹر مسز گیرڈا موئر نے اس معاہدے کی دستاویز پر اپنے دستخطوں کے ساتھ بنگلہ دیش میں ایف ایم کے ذریعے ڈوئچے ویلے کی بنگلہ زبان میں نشریات سنے جانے کو ممکن بنایا۔

Abkommen zwischen DW und Bangladesh Betar
تقریب کی ایک تصویرتصویر: Deutsche Botschaft/Dhaka

اس موقع پر ڈوئچے ویلے ریڈیو کی طرف سے شعبہ ڈسٹری بیوشن کی ایشیا اور آسٹریلیا کے لئے سربراہ انگیلیکا نیول، بنگالی سروس کے سربراہ عبداللہ الفاروق، ایگزیکٹو ڈسٹری بیوشن ٹوبیاس گروٹے بیفربورگ اور سینئر سسٹم انجینئراشٹیفان وڈآؤ بھی موجود تھے۔

منگل کے روز ڈھاکہ میں اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بعد مقامی وقت کے مطابق بعد دوپہر ڈھاکہ کے نیشنل پریس کلب میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران مقامی صحافیوں کو ڈوئچے ویلے اور بنگلہ دیش بیٹار کے مابین اس اشتراک عمل کی تفصیلات سے آگاہ بھی کیا گیا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک