1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈورٹمنڈ، ایک شہرنئی پہچان کے ساتھ

22 مئی 2013

ڈورٹمنڈ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کی عمارت سے نکلتےہی سامنے کا منظردیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہےجیسے ماضی اور حال ایک دوسرے میں مدغم ہو رہے ہوں۔

https://p.dw.com/p/J6zh
تصویر: picture-alliance/dpa

ریلوے اسٹیشن کے بائیں طرف ایک جہازی سائز کا سائن بورڈ بلندی پر جگمگاتا نظر آتاہےجس پر ’’یونین‘‘ یعنی اتحاد درج یے۔ ڈورٹمنڈ کا شمار جرمنی کے بیئر بنانے والے شہروں میں ہوتا تھا، لیکن اب یہ صنعت فروخت کر دی گئی ہے۔ اس سے تھوڑا آگےایک نئی تعمیر شدہ اونچی عمارت ہے، جس میں ہیرن برگ کا چھاپہ خانہ اور نوجوانوں کی مدد کا ایک سماجی ادارہ ہے۔ تھوڑے فاصلے پر پچاس کے عشرے میں تعمیر کی گئی کاروباری مراکزکی عمارتیں ہیں۔ ریلوے اسٹیشن کے دائیں طرف جزوی طور پر گول فولاد اور شیشے کا ایک خوبصورت  بلند مینار ہے اور اس کے ساتھ شہر کی مرکزی لائبریری ہے۔ شہر کی اس ایک جھلک سےاندازہ ہوتا ہےکہ یہ شہر تعمیرنو کے عمل سے گزرا ہے۔

 

Erstes offizielles Spiel von Borussia Dortmund
روایتی طور پر یہاں فٹ بال خاصا مقبول رہا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

جرمنی کے کئی دوسرے شہروں کی طرح ڈورٹمنڈ بھی پچھلی صدی میں کئی نشیب وفراز سے گزرا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران شدید بمباری سے شہر کے مرکز کا بڑا حصہ اور صنعتی علاقہ تباہ ہوگیا تھا۔ پچاس کے عشرے میں شہر کی تعمیر نو کی گئی لیکن انیس سواسی میں فولاد اور کوئلے کی صنعتوں کے زوال کی وجہ سےاس شہر کی معشیت کو شدید نقصان پہنچا 2000ء میں فولاد بنانے کا آخری کارخانہ بھی بند کر دیا گیا۔ دو صدیوں تک یہ شہر فولاد اور کوئلے کی پیداوار کے حوالے سے بین الاقوامی اہمیت کا حامل رہا اور پھر2000ءکے بعد یہ شہر ایک نئی پہچان کے ساتھ ابھرا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ابھرتی صنعت

فولادکی صنعت کے زوال کے بعد اس پورے علاقے کے بنیادی اقتصادی ڈھانچے میں تبدیلیاں کی گئی، جس میں ڈورٹمنڈ یونیورسٹی نے بھرپور کردار ادا کیا یہ یونیورسٹی 1968ء میں قائم کی گئی تھی ۔ اس یونیورسٹی کے الیکٹریکل انجنیئرنگ اور پروسیس انجنیئرنگ کے شعبہ جات تحقیق میں اپنی الگ پہچان رکھتےہیں۔ انڈسٹریل کیمسٹری اور ماحولیاتی پلاننگ کے شعبہ جات بھی نئے تعمیر کیے گئے ہیں اور خاص طور پر کمپیوٹر سائنس کا شعبہ مرکزی حیثیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ آج یہ شہر کمپیوٹر کے ذریعےکاروباری معاملات طے کرنے یعنی ای کامرس اور ای بزنس میں ایک مقام رکھتا ہے۔

 

Weibliche Bundesliga-Fans
ڈورٹمنڈ کی فٹ بال ٹیم کی مداح ایک مقابلے کے دوران اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیںتصویر: picture alliance/dpa

فولاد اور کوئلے کی پرانی صنعتوں  کے بند ہونے کے بعد جو معاشی بحران پیدا ہوا تھا، اب اس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ آج یہاں 16000 سے زائد ہنرمند اور اعلٰی تربیت یافتہ لوگ مختلف صنعتوں میں کام کر رہے ہیں اور نئی صنعنتوں کےتعمیر کی وجہ سےمزید ہنرمندوں کی ضرورت ہے۔

شہر کی دو بڑے کاروباری ادارے تھیسن کروپ اور میک کنسی اینڈ کمپنی نےمل کر ’’ڈورٹمنڈر پروجیکٹ‘‘ نامی منصوبہ شروع کیا ہے، جس کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ کمپنیوں کو پرکشش مراعات دی گئی ہیں۔1984ء میں یہاں ایک ٹیکنالوجی سینٹر قائم کیا گیا تھا، جسے ٹیکنالوجی پارک کہا جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی پارک میں220 سے زائد کمپنیوں کے دفاتر قائم ہیں، جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سوفٹ ویئر ڈیویلپمینٹ کے 25 سے زائد ادارے شامل ہیں۔

لوگ اور رسم ورواج

نئی صنعتوں کے قیام سے مقامی باشندوں کی اکثریت کو روزگارتو میسر ہوگیا لیکن کوئلے کی کانوں اور فولاد کے کارخانوں سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید مرکز تک کا یہ سفر ان کے لئے آسان نہ تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مقامی لوگ اپنے رسم ورواج اور رہن سہن کے طریقوں میں کوئی تبدیلی نہیں چاہتے ہیں۔یہاں کے قابل ذکر مقامات میں ویسٹ فالیہ پارک، فٹبال اسٹیڈیم اور اسپوٹس ہالز کا مرکز شامل ہیں۔

شہر کے مرکز کے اطراف میں ایک گول شاہراہ تعمیر کی گئی ہے اوراندرون شہر پیدل چلنے والوں کے لئے خصوصی راستے بنائے گئے ہیں۔ شہر کی مرکز کی شاہراؤں پرکئی جدید شاپنگ پلازہ اور بوتیک ہیں۔ گرمیوں میں رات گئے تک لوگ شہر کے مرکز میں لگی بینچوں پر بیٹھتے ہیں۔ یہاں کے باشندے فٹ بال سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔ ریستوانوں، کافی گھروں اور شراب خانوں میں عموما لوگوں کی بحث کا مرکز ’’فٹ بال‘‘ ہوتا ہے۔