1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن صدارتی امیدوار بن گئے

عابد حسین20 جولائی 2016

امریکا میں صدارتی الیکشن کے لیے ریپبلکن پارٹی نے ارب پتی کاروباری سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ ٹرمپ کو باضابطہ امیدوار بنانے کا اعلان پارٹی کے قومی کنونشن میں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/1JSQi
تصویر: Reuters/M. Anzuoni

امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں ری پبلکن پارٹی کے کنونشن میں امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریاستی پرائمریز میں کامیابی کے تناظر میں انہیں رواں برس کے صدارتی الیکشن کے لیے بطور امیدوار نامزد کیا۔ اِس نامزدگی کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپبلکن پارٹی کے 1725 ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔ اُن کو ایک درجن کے قریب امیدواروں کا سامنا تھا۔ ٹرمپ کے قریب ترین حریف ٹیڈ کروز تھے۔

امریکی صدارتی الیکشن کا امیدوار بنانے کے باقاعدہ اعلان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ یہ اُن کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ تمام تر کاوشوں کے ساتھ اپنی پارٹی اور کارکنوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ’سب سے پہلے امریکا‘ کے نعرے کو بھی شامل کیا۔ امریکی شہر نیویارک کے رہائشی ڈونلڈ ٹرمپ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

USA Nominierung von Donald Trump bei der Republikanischen Konvention in Cleveland
ریپبلکن پارٹی کا کلیولینڈ میں منعقدہ قومی کنوینشنتصویر: Reuters/M. Segar

کلیولینڈ میں منعقدہ کنونشن میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ صدارتی الیکشن میں مائیک پینس نائب صدر کے امیدوار ہوں گے۔ مائیک پینس پیشےکے اعتبار سے وکیل ہیں اور امریکی ریاست انڈیانا کے گورنر ہیں۔ ریپبلکن پارٹی کی پرائمریز کے دوران وہ ٹیڈ کروز کے ساتھیوں میں سے تھے۔

کنونشن میں پارٹی مندوبین میں اختلافات اور تقسیم کا عنصر نمایاں تھا۔ اِس کنونشن میں ٹرمپ کے مخالف پارٹی مندوبین نے کھلی رائے شماری کرانے کی ایک کوشش بھی کی لیکن وہ اس میں کا میاب نہیں ہو سکے۔ پارٹی کے کئی سینیئر اراکین بھی اس اجلاس میں شریک نہیں تھے۔

بعض ناقدین کے خیال میں ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی تقریر پر بھیایک چربہ تھی اور اِس میں کم و بیش ویسے ہی الفاظ استعمال کیے گئے ہیں جیسے مشیل اوباما نے باراک اوباما کی نامزدگی کے موقع پر کہے تھے۔

اِس کنونشن میں ہلیری کلنٹن کے وزیر خارجہ کے دور میں ای میل کے استعمال اور ایف بی آئی پوچھ گچھ کی گونج بھی سنائی دی۔ نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی نے پارٹی مندوبین کے سامنے ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ امیدوار کو ای میل کے تناظر میں مجرم قرار دیتے ہوئے اُنہیں جیل میں بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ہلییری کلنٹن کی نامزدگی اگلے ہفتے کے دوران فلاڈیلفیا شہر میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں دی جائے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں