1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈچ پینٹر فان گوخ کی زندگی کے نئے گوشے

9 اکتوبر 2009

نامور ڈچ پینٹر ونسنٹ فان گوخ کی زندگی پر تحقیق کے بعد پتہ چلا ہے کہ ان کی ادب کے لئے بھی نادر خدمات ہیں۔ فان گوخ کے بارے میں یہ نئی معلومات پندرہ سال کی تحقیق کا نتیجہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/K29K
تصویر: DW-TV

ہالینڈ میں فان گوخ کی زندگی پر ایک تحقیق کی جا رہی ہے، جس میں ان کی فن پاروں کے ساتھ ساتھ ان کے خطوط کا بھی باریک بینی سے مشاہدہ کیا گیا ہے۔ فان گوخ نے 1872ء سے 1890ء کے عرصے میں 893 خطوط لکھے جبکہ ان کے نام 83 خطوط لکھے گئے، جنہیں ہالینڈ میں چھ کتابوں کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔

فان گوخ کے یہ خطوط ایمسٹرڈیم میں قائم فان گوخ میوزیم میں ان کے مشہور فن پاروں کے ساتھ رکھے گئے ہیں۔ ان فن پاروں میں سب سے زیادہ مشہور دو پینٹنگز ہیں، جن کا موضوع فان گوخ نے The Potato Eaters اور Sower With Setting Sun رکھا تھا۔ یہ پینٹنگز آئندہ سال 3 جنوری تک میوزیم میں نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔

Austellungstipps v. 27.06.2003 Vincent van Gogh Gogh Modern
ایمسٹرڈیم کے فان گوخ میوزیم میں رکھی ایک پینٹنگتصویر: presse

فان گوخ میوزیم کے ڈائریکٹر ایکسل روگر کہتے ہیں:’’ فان گوخ ماڈرن آرٹ کے ایک عظیم ہیرو تھے۔ اپنی پینٹنگز کے علاوہ انہوں نے اپنے خطوط کی صورت میں ادب کے شاہکار بھی تخلیق کیے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک عظیم مصنف بھی تھے۔‘‘

فان گوخ میوزیم کے ایک محقق ہان لوئیٹن کہتے ہیں: ’’فان گوخ کے خطوط کے بہت سے قاری یہ دعوٰی کرتے ہیں کہ یہ ادبی شاہکار ہیں اور میں ان کے اس موقف سے متفق ہوں کیونکہ ایک بار جب آپ ان خطوط کو پڑھنا شروع کرتے ہیں تو رک نہیں سکتے اور وقت کا پتہ ہی نہیں چلتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان خطوط کو پڑھا جائے تو وہ کہانیاں دم توڑ دیتی ہیں، جو فان گوخ کے پاگل پن کے بارے میں مشہور ہیں۔

Deutschland Berlin Ausstellung Die Schönsten Franzosen Neue Nationalgalerie
سیاح اور آرٹ کے شائقین کے لئے آج بھی فان گوخ کی تخلیقات دلچسپی کا باعث ہیںتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ فان گوخ نے اپنے خطوط میں سیاست، تاریخ، آرٹ، ادب، حسن، رنگ، اور قدرت کی خوبصورتی کو بطور خاص موضوع بنایا ہے۔ فان گوخ کے زیادہ تر خطوط ڈچ یا فرانسیسی زبان میں ہیں۔ انہوں نے یہ خطوط زیادہ تر اپنے بھائی تھیو اور اس وقت کے نامور آرٹسٹوں کو لکھے۔

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے فان گوخ کو انیسویں صدی کے معروف مصوروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نےسینتیس سال کی عمر میں خود کشی کر لی تھی، جس کی وجوہات میں ان کا پاگل پن بھی بتایا جاتا ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی