1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈینگی بخار، ہر سال ہزاروں افراد کا قاتل

عاطف توقیر19 جنوری 2009

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال ایشیا، افریقہ، آسٹریلیا اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے پانچ کروڑ افراد اس بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں جن میں سے تقریبا بیس ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/GaQR
ڈینگی بخار کے باعث ہر سال بیس ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ڈینگی فیور پاکستان، سمیت ایشیا کے دیگر ممالک کے علاوہ افریقہ، آسٹریلیا اورشمالی امریکہ کے کئی علاقوں میں پائی جانے والی ایک ایسی بیماری ہے جس میں ہر سال لاکھوں مریض مبتلا ہوتے ہیں اور اگر بروقت اور صحیح تشخیص نہ کی جائے تو مریض اس بیماری کی وجہ سے جان سے ہاتھ بھی دھو بیٹھتا ہے۔

ڈینگی بخار یعنی ڈی ایف اور ڈینگی ہیمُرجیک بخار یعنی ڈی ایچ ایف، دونوں ایک دوسرے سے قریب ترین بیماریاں ہیں جو فلیوی وائرس سے پیدا ہونے والے انفیکشنز ڈی ای این، ون، ٹو، تھری اورفور کی صورت پیدا ہوتی ہیں۔

Tigermücke, die zu den Überträgern des Dengue-Fiebers zählt
ڈینگی فیور کا باعث بننے والا مچھرتصویر: picture-alliance

اگر انسانی جسم ایک بار کسی ایک انفیکشن کو شکست دے دے تو پھر تمام عمر وہ وائرس جسم کو متاثر نہیں کرسکتا یعنی اگر ڈی ای این ون کو مریض کے جسم نے شکست دے دی تو پھر وہ شخص تمام عمرڈی ای این ون کا شکار نہیں ہو گا تاہم اس پر ڈی ای این ٹو، تھری اور فور حملہ کر سکتے ہیں۔

بنیادی طور پر یہ بیماری، وائرس کی حامل مادہ مچھر Aedes کے کاٹنے سے پیدا ہوتی ہے مگر متاثرہ مریض کو کاٹنے والے مچھر دوسرے افراد تک اس وائرس کی منتقلی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ مچھر کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی یہ بیماری خون میں موجود اعتدال کو توڑ دیتی ہے اسی وجہ سے اس بیماری کو طبی ماہرین ہڈی توڑ بخار بھی کہتے ہیں۔ اگر بروقت اس بیماری پر قابو نہ پایا جایا تو یہ وائرس خون میں موجود سفید خلیوں کی تعداد انتہائی کم کردیتا ہے جس کی وجہ سے بلڈ پریشر کا کم ہونا اور انسان کا صدمے کی حالت میں آجانا سامنے آتا ہے۔ عمومی تشخیص کے طور پر ایسے مریضوں کا خون کی بوتلیں لگائی جاتی ہیں اور زیادہ خراب صورت حال میں جسم میں خون کے سفید خلیے داخل کئے جاتے ہیں۔

Vorgehen gegen Dengue
کئی ممالک میں موسم گرما سے قبل سپرے اور مچھر مارنے والی ادویات کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہےتصویر: AP

اس بیماری کے شکار مریضوں کو جوڑوں کی شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے ساتھ ساتھ نزلے اور زکام کی موجودگی اس مرض کی ایک اور عمومی نشانی ہوتی ہے۔

اس مرض کا باعث بننے والے مچھر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ مچھر عموما صاف پانی میں پیدا ہوتا ہے اور صرف صبح اورشام کے اوقات میں کم سخت دھوپ میں جاگ کر اس وائرس کی انسانی جسم میں منتقلی کا باعث بنتا ہے۔

اس بیماری کی دریافت دوسری عالمی جنگ کے بعد 1950 میں ہوئی۔ عالمی جنگ میں کئی فوجیوں میں ایسی علامات دیکھی گئیں تھیں جو اس سے پہلے کسی عام بخار میں سامنے نہیں آئی تھیں مزید یہ کہ اس بیماری میں بخار ختم کرنے کے لئے دی جانے والی ادویات کا بھی اثر دکھائی نہیں دیا بلکہ مرض اوربڑھ گیا۔

Dengue Fieber in Honduras Spezialisten aus Kuba helfen
ہر سال پانچ کروڑ افراد اس مرض کا شکار ہوتے ہیںتصویر: AP


آسٹریلیا کے محقیقین نے ڈینگی بخار پر قابو پانے میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف کوئینز لینڈ کے ماہرین بل گیٹس فاﺅنڈیشن کے تعاون سے ڈینگی بخار پر قابو پانے کے لئے تحقیق میں مصروف ہیں۔ اس تحقیق کےلئے بل گیٹس نے کئی ملین ڈالرز کی امداد فراہم کی ہے۔


محققین کے مطابق بیماری پر قابو پانے کےلئے بیکٹیریا سے متاثرہ مچھروں کی عمر کو کم کرنے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں مچھر مار سپرے اور دیگر کیمیکلز کے استعمال کی بجائے قدرتی طریقوں سے مچھروں کی حیاتیاتی عمر کم کی جائے گی۔ ماہرین کی ٹیم کے سربراہ پروفیسر سکاٹ اونیل نے بتایا کہ ڈینگی بخار کے وائرس زیادہ عمر کے مچھروں میں نمو پاتے ہیں اور بیماری پر قدرتی طریقے سے قابو پانے کےلئے ضروری ہے کہ ایسے مچھروں کی عمر کم کی جائے۔


یہ تحقیق جنرل سائنس نامی میگزین میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے دوران زیادہ عمر کے تقریباً 10 ہزارمچھروں پرتجربات کئے گئے۔