1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کائنات کے روشن اجسام کے حوالے سے حقائق آشکار

15 دسمبر 2011

سائنسدانوں کے مطابق ایک ستارے کی تباہی کے چند گھنٹوں بعد دریافت کیے جانے والے سُپر نووا نے کائنات کے روشن ترین مظاہر کے حوالے سے پوشیدہ حقائق کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13TPV
تصویر: AP

کسی ستارے کے تباہ ہونے سے جو توانائی پیدا ہوتی ہے اسے سُپر نووا کہتے ہیں.رواں برس چوبیس اکتوبر کو سائنسدانوں نے سُپر نووا " ایس این2011ایف ای" کے روشنی اور توانائی کے بے پناہ اخراج کے بعد وجود میں آنے کا مشاہدہ کیا۔ سائنسدانوں کے مطابق گزشتہ پچیس برسوں میں زمین کے نزدیک ترین وجود میں آنے والے اس سُپر نووا کا فاصلہ زمین سے 20.9 ملین نوری سال ہے۔ ایک نوری سال وہ فاصلہ ہوتا ہے جو روشنی ایک سال کے 365 دنوں میں طے کرتی ہے یعنی قریب 9.46 ٹرلین کلومیٹرز یا 5.87 ٹرلین میل۔

ALMA Antennae Galaxis Weltall All Flash-Galerie
تصویر: (NRAO/AUI/NSF); ALMA (ESO/NAOJ/NRAO); HST (NASA, ESA, and B. Whitmore (STScI))

اس تحقیقی کام سے وابستہ معروف امریکی سائنسدان پیٹر نگینٹ نے اس حوالے سے بتایا کہ انہوں نے ستارے کی تباہی کے صرف گیارہ گھنٹوں بعد ہی اس سُپر نووا کو دریافت کر لیا تھا، جس کی بدولت وہ صرف بیس منٹ میں اس تباہی کا صحیح دورانیہ جانچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس تحقیقی کاوش کی بدولت انہوں نے وہ چیزیں بھی دریافت کیں، جن کا کبھی خواب بھی نہیں دیکھا گیا تھا۔

وہ کہتے ہیں کہ سُپر نووا سے خارج ہونے والی روشنی ہی وہ پیمانہ ہے، جس کے ذریعے خلاء میں فاصلے ماپے جاتے ہیں اور یہی وہ چیز ہے ، جس نے رواں برس کا نوبل انعام جیتنے والوں کی دریافت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں نے یہ ثابت کیا کہ کائنات کی وسعت کے عمل میں سست روی کے سابقہ نظریے کے برعکس کائنات کے پھیلاؤ کے عمل میں اسراع پیدا ہو رہا ہے۔

Lensing Galaxy Cluster Abell 383 NASA Weltall All Galaxie
تصویر: NASA, ESA, J. Richard, J.-P. Kneib

ماہرینِ فلکیات نے اب تک تین ایسی تحقیقی کاوشوں سے ٹائپ ون سُپر نوواز کے وجود میں آنے کے عمل کی وضاحت کی ہے۔ اس کائنات میں سُپر نووا کا عمل بہت کم ہوتاہے اور سائنسدانوں کے مطابق اس عمل کے وقوع پذیر ہونے میں سینکڑوں سال بھی لگ جاتے ہیں۔

ایک سُپر نووا کی طاقت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی روشنی کئی ہفتوں تک کسی مکمل کہکشاں سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ایک کہکشاں دو سو بلین سے بھی زائد ستاروں کا ایک مجموعہ ہوتی ہے۔

سُپر نووا کے حوالے سے ابھی بھی کئی سوالات حل طلب ہیں۔ ان سوالوں کے جواب تیس سال بعد سامنے آنے کی توقع کی جا سکتی ہے، جب ہماری زمین کی ہمسائیگی میں ایک بار پھر کسی سُپرنووا کا مشاہدہ کیا جا سکے گا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر ہم خوش قسمت ہوئے تو یہ واقعہ ہماری اپنی کہکشاں میں بھی پیش آ سکتا ہے۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں