1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل میں خود کش حملہ، چھ اطالوی فوجی ہلاک

17 ستمبر 2009

افغان دارلحکومت کابل میں آج جمعرات کو شہر کے ہوائی اڈے کی طرف جانے والی ایک شاہراہ پر نیٹو کے ایک فوجی قافلے پر ایک خود کش بم حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں چھ اطالوی فوجیوں سمیت کم ازکم 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/Jj0Y
تصویر: AP

کابل کے مشرقی حصے میں نیٹو کا یہ فوجی قافلہ مقامی وقت کے مطابق آج دوپہر ایئر پورٹ سے ملکی دارالحکومت میں اپنے ہیڈکوارٹرز کی جانب جارہا تھا، جب ایک خود کش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری اپنی کار اس قافلے میں شامل دو گاڑیوں سے ٹکرا دی۔ یہ حملہ کابل میں امریکی سفارت خانے سے 300 میٹر کے فاصلے پر کیا گیا۔

افغانستان میں نیٹو کی سربراہی میں اپنے فرائض انجام دینے والی بین الاقوامی فوج ISAF نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی کارواں ایک اطالوی قافلہ تھا، جس میں شامل کئی سپاہی ہلاک اور زخمی ہوئےجبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

Afghanistan Taliban
طالبان عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہتصویر: AP

خبر ایجنسیوں کے مطابق طالبان کے ایک ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئےدعویٰ کیا کہ بم دھماکے میں تیرہ اطالوی فوجی ہلاک ہوئے۔ ترجمان نے خودکش حملہ آور کا نام حیات اللہ بتایا اور کہا کہ وہ کابل کا رہائشی تھا۔

روم میں اطالوی وزارت دفاع کے ترجمان نے بھی اس حملے میں اٹلی کے چھ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ فوجی کابل میں ISAF دستوں کا حصہ تھے۔ اسی بارے میں کابل میں افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے جرمن خبر رساں ادارے DPA کو بتایا کہ مرنے والےسولہ افراد میں سے چھ اطالوی فوجی تھے اور 10 افغان شہری جبکہ 54 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے بقول اس دھماکے کی شدت سے قریب سے گزرنے والی سات گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں، جبکہ سڑک کے دونوں کناروں پر 20 سے زائد دوکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

افغانستان میں تعینات غیر ملکی دستوں میں سب زیادہ فوجی امریکہ کے ہیں۔ ابھی حال ہی میں واشنگٹن میں امریکی مسلح افواج کے سربراہ ایڈمرل مائک مولن نے ملکی سینیٹ کی ایک کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں طالبان باغیوں کی سرگرمیاں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ اسی لئے امریکہ کو افغانستان میں عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں اپنے مزید فوجی دستے بھی بھیجنا پڑ سکتے ہیں۔

کابل میں جمعرات کی دوپہر کئے گئے خود کش حملے کے بعد افغانستان میں 2001 میں اتحادی فوجوں کی جنگی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد 1403 ہوگئی ہے۔ ان میں سے امریکی فوجیوں کی تعداد 836 بنتی ہے جبکہ وہاں برطانیہ کے 216 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ تازہ ترین حملے میں اٹلی کے چھ فوجیوں کی ہلاکت کے بعد افغانستان میں اب تک مارے جانے والے اطالوی فوجیوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: مقبول ملک