1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاتالونیا: بل فائٹنگ پر پاپندی کے لئے ووٹنگ

28 جولائی 2010

کاتالونیا، سپین کا وہ واحد علاقہ بن سکتا ہے جہاں بل فائٹنگ پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ وہاں بدھ کے دن اس سلسلے میں مقامی پارلیمان میں ووٹنگ طے ہے کہ آیا اس کھیل پر پابندی عائد کی جائے یا نہیں۔

https://p.dw.com/p/OVIh
خاتون بل فائٹر Cristina Sanchez میڈرڈ میں ایک بیل کو کنٹرول کئے ہوئےتصویر: AP

بل فائٹنگ سپین کا تاریخی کھیل ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہاں جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں اپنی مہم میں خاصی تیزی لے آئی ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ اس خوں ریز کھیل پر پابندی عائد کی جائے۔

Bdt Spanischer Stierkämpfer Jose Tomas in der Stierkampf-Arena in Valencia
معروف بل فائٹر ٹوماس خوزےتصویر: AP

کاتالونیا کی پارلیمان میں بل فائٹنگ پر پابندی کے حوالے سے بِل ایسے وقت میں بحث کے لئے پیش کیا جا رہا ہے، جب وہاں کے ایک لاکھ 80 ہزار مقامی لوگوں نے اس کھیل پر پابندی کے لئے ایک قرارداد پر دستخط بھی کر رکھے ہیں۔ اس مہم کا آغاز سپین کی ایک تنظیم Prou نے کیا۔ بل فائٹنگ کی مخالف اس تنظیم کا مؤقف ہے کہ یہ کھیل جانوروں کے ساتھ زیادتی ہے، اس لئے اس پر پابندی عائد کردینا چاہئے۔

اس کھیل کے حامی افرادکا کہنا ہے کہ بل فائٹنگ سپین کا تاریخی ورثہ ہے اور اس کھیل سے ان کی کئی اہم روایات جڑی ہوئی ہیں، اس لئے اس پر پابندی عائد نہیں کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کھیل سے نہ صرف بہت سےافراد کی ملازمتیں جڑی ہوئی ہیں بلکہ یہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لئےبھی ایک دلفریب ایونٹ ہے۔

بل فائٹنگ مخالف ایک مقامی تنظیم PACMA کے ترجمان Silvia Barquero نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا،'' میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری روایت ہے، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس خوں ریزعمل کے بارے میں ایک مرتبہ دوبارہ سوچا جائے۔ ہمارے پاس اور بھی کئی روایات ہیں، جنہیں ہم برقراررکھ سکتے ہیں۔''

اگر کاتالونیا کی پارلیمان میں بل فائٹنگ پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے تو اس پر عملدرآمد سن 2012ء سے شروع ہو گا۔ اس صورت میں کاتالونیا کے دیگر کئی علاقوں کی طرح دارالحکومت بارسلونا میں بھی بل فائٹنگ کے کئی اہم مراکز بند ہو جائیں گے۔

No-Flash Stierkämpfer
ہسپانوی بل فائیر ڈیوڈ فاندیلا بارسلونا میں کمالات دکھاتے ہوئےتصویر: AP

سن 2006ء میں سپین میں کروائے گئے ایک سروے کے مطابق وہاں کی 72.1فیصد آبادی بل فائٹنگ کے حق میں نہیں ہے۔ جانوروں کے حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ کاتالونیا میں اس کھیل پرپابندی کے بعد وہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی اس کھیل پر پابندی کے لئے اپنی مہم جاری رکھیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق