1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز کے انعقاد پر ایک بار پھر سوالیہ نشان

21 ستمبر 2010

دولت مشترکہ کھیلوں کے آغاز سے محض 12 روز قبل کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ کی طرف سے کھلاڑیوں کے لئے تیار کئے گئے بلاکس کو ناقابل رہائش قرار دیے جانے اور ایک حادثے نے ان کھیلوں کے انعقاد پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PIOv
تصویر: AP

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دولت مشترکہ کھیلوں کا آغاز تین اکتوبر سے ہونا ہے۔ ان کھیلوں میں دنیا کے 71 ملکوں کے سات ہزار کے قریب کھلاڑی اور منتظمین شریک ہوں گے۔

تاہم ان کھیلوں کے انعقاد پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے جب ان کھیلوں کے لئے تیار کئے گئے مرکزی جواہر لعل نہرو سٹیڈیم کے باہر تعمیر کیے جانے والا ایک پل گرنے سے 23 مزدور زخمی ہوگئے۔ ان مزدوروں میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ پیدل چلنے والوں کے لئے یہ پل، پارکنگ ایریا کو مرکزی سٹیڈیم سے ملانے کے لئے تعمیر کیا جارہا ہے۔ جواہر لعل نہرو سٹیڈیم میں کھیلوں کی افتتاحی تقریب منعقد کی جانی ہے۔

Baustelle in Indien
تعمیراتی کاموں میں کرپشن کی خبریں بین الاقوامی میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔تصویر: AP

ان کھیلوں کو ایک اور صدمہ کامن ویلتھ گیمز کے صدر کے بیان سے پہنچا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے ایتھلیٹس ویلج کے رہائشی زون میں سہولیات دیکھ کر مقابلوں میں حصہ لینے والے بہت سے ممالک کے منتظمین شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز کی ویب سائٹ پر آج منگل کے روز جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مائیکل فینل نے اس سلسلے میں اعلیٰ بھارتی انتظامیہ سے فوری رابطہ کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام مسائل جلد سے جلد حل کئے جائیں۔

Indien Commonwealth Games 2010
"تمام سہولیات انتہائی عمدہ ہیں اور تمام کھلاڑی ان سہولیات کو پسند کریں گے۔" سوریش کماڈیتصویر: UNI

ن روز قبل ہی اتھلیٹس ویلج کے افتتاح کے موقع پر بھارتی کامن ویلتھ گیمز کمیٹی کے چیئرمین سوریش کماڈی کا کہنا تھا، " ویلج میں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات انتہائی عمدہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ تمام کھلاڑی ان سہولیات کو پسند کریں گے۔"

اسی رہائشی اتھلیٹس ویلج کے حوالے سے بھارت میں موجود کامن ویلتھ گیمز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مائک ہوپر نے نئی دہلی میں ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے لئے تیار کئے گئے بہت سے رہائشی بلاکس کی صورتحال غیر صحت مندانہ یعنی حفظان صحت کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں نہ صرف تعمیراتی ملبہ موجود ہے بلکہ کھلاڑیوں کے لئے تیار کئے گئے ٹوائلٹس غلاظت سے بھرے ہوئے ہیں۔ مزید یہ کہ بجلی کی وائرنگ اور پلمبنگ کے حوالے سے بھی کئی مسائل موجود ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں