1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کتابوں کا عالمی دِن

23 اپریل 2006

آج 23 اپریل ہے اور اِس روز ہر سال عالمی یومِ کتاب منایا جاتا ہے۔ آج بھی اِس دِن کی مناسبت سے یہاں جرمنی میں سینکڑوں اجتماعات اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/DYLk
خصوصی کتاب: " مَیں تمہیں ایک کہانی کا تحفہ دیتی یا دیتا ہوں سن 2006ء"
خصوصی کتاب: " مَیں تمہیں ایک کہانی کا تحفہ دیتی یا دیتا ہوں سن 2006ء"

ہر سال کتابوں کا عالمی دِن منانے کا تصور بنیادی طور پر اسپین کے علاقے کاتالونیہ سے آیا ہے ، جہاں ایک زمانے سے لوگ عوامی ہیرو سینٹ جورج کی یاد میں منائے جانےوالے دِن کے موقع پر ایک دوسرے کو گلاب کے پھولوں کا تحفہ دیا کرتے تھے۔

1923ء سے کتابوں کی دوکانوں کے مالکان کی تحریک پر لوگ گلابوں کے ساتھ ساتھ کتابیں بھی بطور تحفہ دینے لگے۔ خاص طور پر شہر بارسلونا میں، جو کہ کاتالونیا کا دارالحکومت ہے، ہر سال 23 اپریل کے دِن کو عوامی اور ثقافتی نوعیت کے ایک بڑے تہوار کے طور پرمنایا جاتاہے اور وہاں کی سڑکوں اور بازاروں میں لگے اسٹالوں پر لاکھوں گلاب اور کتابیں فرخت ہوتی ہیں۔

لیکن اِس دِن کو عالمی سطح پر کتاب کے دن کو منانے کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ یہ عالمی سطح کے دو نامور ادیبوں کا یومِ وفات بھی ہے۔یہ ہیں، انگریز ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئراورہسپانوی شاعر مِگل دے سَیروانتیس۔ مشہورجرمن فلسفی اورشاعرژوہان وولفگانگ گوئتھے نے سن 1771ء ہی میں مطالبہ کیا تھا کہ شیکسپیئر کی یاد منائی جانی چاہیے۔

ایسے میں یہ بات باعثِ تعجب نہیں ہے کہ جب 1995ء میں یونیسکو نے کاتالونیہ میں منائے جانےوالے دِن کو پوری دُنیا میں عالمی یومِ کتاب کی حیثیت سے منانے کا فیصلہ کیا تو بہت سے ممالک کی جانب سے اِس فیصلے کا زبردست خیر مقدم کیا گیا۔

یہاں جرمنی میں یہ دِن سب سے پہلے 1996ء میں متعدد اجتماعات کےساتھ منایا گیا تھا۔ ہر سال کیطرح آج عالمی یومِ کتاب کے موقع پریہاں جرمنی بھر میں ادیبوں کےساتھ شامیں منائی جا رہی ہیں۔ اِس کےساتھ ساتھ آج جرمنی کے تقریباً 300 شہروں میں مشہور جرمن شخصیات اپنی اپنی پسندیدہ کتابوں میں سے اقتباسات پڑھ کر سنا رہی ہیں۔

مطالعے کے فروغ کی جرمن فاونڈیشن کے مطابق یومِ کتاب کے اِن اجتماعات میںجرمنی کی تقریباً چار ہزاردوکانوں کی ایک چوتھائی تعداد مرکزی کردار اداکر رہی ہے۔ اِنہی دوکانوں پر بچوں کو سیر و سیاحت کے موضوع پر وہ خصوصی کتاب بھی مفت فراہم کی گئی ، جس کا عنوان ہے ، مَیں تمہیں ایک کہانی کا تحفہ دیتی یا دیتا ہوں سن 2006ء اور جو پانچ لاکھ کی تعداد میں شائع کی گئی تھی۔

یومِ کتاب کی تشہیری مہم کی اعزازی سرپرست ہیں ، مشہور جرمن اداکارہ Iris Berben ، جنکی تصویر والے خصوصی پوسٹر اِس سال 25 ہزار کی تعداد میں شائع کئے گئے۔ اِس دِن کے موقع پر ویزباڈن میں محکمہ شماریات کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ سن 2004ء میںکتابیں اور رسائل فروخت کرنےوالی دوکانوں کی مجموعی آمدنی تقریباً چار ارب یورو ریکارڈ کی گئی۔