1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی: مٹی کے تودے گرنے سے چھونپڑوں کے کم از کم 13 مکین ہلاک

کشور مصطفیٰ13 اکتوبر 2015

پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Gn5G
تصویر: Reuters/A. Hussain

کراچی پولیس اور امدادی کارکنوں کے مطابق مٹی کے تودے ایک چھوٹی پہاڑی کے قریب بنائی گئی جھگیوں پر گرے جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ان تودوں میں دھنس کر لقمہ اجل بن گئے۔

کمشنر شعیب صدیقی کے بقول یہ واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پیش آیا جہاں ایک چھوٹی پہاڑی کے قریب لوگوں نے جھونپڑیاں لگا رکھی تھیں اور اس کا شکار ہونے والوں میں سات بچے بھی شامل ہیں۔ کراچی میں قائم فلاحی امدادی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے اعلیٰ اہلکار انور کاظمی نے خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہم تک 13 لاشیں پہنچی ہیں۔ ہم انہیں صوبہ پنجاب میں ان کے آبائی علاقوں تک بھیجنے کا بندو بست کر رہے ہیں‘‘۔

Erdrutsch in Pakistan
ہلاک ہونے والوں میں سات بچے بھی شامل ہیںتصویر: Reuters/A. Hussain

مٹی کے تودے گرنے کے اس واقعے میں مزید 10 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اس واقعے میں بچ جانے والے ایک بچے نے جیو ٹی وی کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ جس وقت مٹی کے تودے اُن کی جھونپڑی پر گرے اُس وقت وہ سب سُو رہے تھے۔ اُس کا کہنا تھا،’’ میری آنکھ چیخ و پُکار کی آواز سے کھُلی۔ جب میں نیند سے بیدار ہوا تو میں نے دیکھا کہ میری پوری فیملی مٹی کے تودوں تلے دب چُکی تھی۔ میں مدد کے لیے چیخ رہا تھا مگر میں نےدیکھا کہ ہمارے برابر والی جھگی، جس میں میرے چاچا کی فیملی رہتی تھی وہ بھی تودوں میں دفن ہو چُکی ہے‘‘۔

Erdrutsch in Pakistan
مٹی کے تودے جھونپڑیوں پر گرےتصویر: Reuters/A. Hussain

مقامی ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والی فوُٹیج میں اس ناگہانی آفت کا شکار ہونے والوں کے روز مرہ استعمال کی اشیاء کو بھی مٹی کے تودوں میں دفن دیکھا جا سکتا تھا جبکہ ان تودوں میں سے لاشوں کو نکالنے کا کام امدادی کارکن انجام دیتے دکھائی دیے۔

پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے اس سانحے پر افسوس کا ظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے حادثے کے شکار افراد کے لواحقین کو ضروری امداد کی فراہمی کے احکامات جاری کیے ہیں۔