1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں دفاعی نمائش

رفعت سعید، کراچی28 نومبر 2008

دفاعی ہتھیاروں کی 5 ویں بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2008 کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی اس نمائش میں 58 ممالک کی 162اور 94 پاکستانی کمپنیوں نے نمائش میں حصہ لیا۔

https://p.dw.com/p/G5PW
نمائش کا دورہ کرنے والے وزیر دفاع چوہدری احمد مختارکا کہنا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے 44 ملین ڈالر کی دفاعی مصنوعات برآمد کی ہیںتصویر: AP

اس نمائش کا مقصد پاکستان میں چین کے تعاون سے تیارہونے والے JF 17 طیاروں کے علاوہ الخالد ٹینک، الضرارٹینک ، ہیلی کاپٹر، بکترشکن میزائل، آٹومیٹک رائفلیں اورجاسوس طیاروں کو متعارف کروانا تھا۔

نمائش میں چین، ترکی، امریکہ، جرمنی، اور دیگر یورپی ممالک کے ہتھیار بنانے والی کمپنیوں نے اپنے پویلین قائم کئے جو خریدارممالک کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

پاکستان ڈیفنس پرموشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد فاروق نے کہ آئیڈیاز2008 کے ذریعے دفاعی سازوسامان اوراسلحہ سازی میں پاکستان کی مہارت اجاگر ہوئی ہے۔ جب میجر جنرل فاروق سے پوچھا گیا کہ ہتھیاروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پاکستان میں کیاکام ہورہا ہے توان کا جواب تھا کہ یہاں تیارہونے والے ہتھیار جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں۔

میجرجنرل فاروق سے پوچھا گیا کہ پاکستان میں تیار ہونے والے دفاعی سازوسامان میں کن ممالک نے دلچسپی لی ہے توان کا کہنا تھا کہ افریقی ممالک کے علاوہ کچہ مغربی ممالک بھی ہمارے سامان میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

نمائش کا دورہ کرنے والے وزیر دفاع چوہدری احمد مختارکا کہنا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے 44 ملین ڈالر کی دفاعی مصنوعات برآمد کی ہیں جبکہ اس سال اس میں خاطر خواہ اضافہ کی توقع ہے۔ نمائش میں پاکستان میں تیار ہونے والے جاسوس طیارہ ’عقاب‘ بھی خاص توجہ کامرکز بنارہا مگر ماہرین اس طیارے کو مزید بہتربنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

دفاعی سازوسامان بنانے والی کمپنی کے رکن محمد سلمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بنائے جانے والاجاسوس طیارہ پاکستان ایئرفورس کے استعمال میں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض ترقی پذیر ممالک نے بھی ان طیاروں میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔

آئیڈیاز 2008 میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود میں اس نمائش کے اختتام پر ممبئی بم دھماکے موضوع بحث بنے رہے۔