1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں عرب سفارتکاروں کی گاڑی پر فائرنگ

6 مارچ 2011

قطر کی حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان میں قطر کے ایک قونصل جنرل کی گاڑی پر ایک نامعلوم حملہ آور نے اتوار کے روز فائرنگ کر دی تاہم اس واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/10UDc
کراچی میں سکیورٹی فرائض انجام دینے والے پاکستان رینجرز کا ایک اہلکارتصویر: AP

دوحہ سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے بندرگاہی شہر کراچی میں پیش آیا، جس دوران ایک شخص نے یکدم اپنی پستول سے قطری سفارت کار کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بظاہر ڈکیتی کی ایک ناکام کوشش تھی۔

فائرنگ کے وقت اس گاڑی میں قطر کے قونصل جنرل کے علاوہ خلیجی ملکوں کے دو دیگر عرب سفارتکار بھی سوار تھے۔ کہا گیا ہے کہ ان سفارتکاروں میں سے ایک عمان کے قونصل جنرل اور دوسرے کراچی میں کویت کے ڈپٹی قونصل جنرل تھے۔

Pakistan Gewalt Karachi
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی بار بار دیکھنے میں آتے ہیںتصویر: AP

قطر نیوز ایجنسی کے مطابق فائرنگ کے دوران ہی ڈرائیور یہ گاڑی وہاں سے بھگا لے جانے میں کامیاب ہو گیا۔ دوحہ میں قطر کی وزارت خارجہ نے اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم اس واقعے کو مختلف خبر ایجنسیوں نے مسلح ڈکیتی کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

پاکستان میں ان دنو‌ں غیر ملکی سفارتکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اداروں کی طرف سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کی وجہ پاکستان میں طالبان کی طرف سے کیے جانے والے مسلح حملے بھی ہیں اور امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں لاہور میں جنوری میں دہرے قتل کا واقعہ بھی۔

ریمنڈ ڈیوس نے، جو امریکی خفیہ ادارے CIA کا ایک کنٹریکٹ اہلکار ہے، جنوری کے آخر میں لاہور میں دو پاکستانیوں کو گولی مار دی تھی۔ اس قتل کا اعتراف کر لینے والے ڈیوس کا موقف ہے کہ اس نے یہ قتل اپنے دفاع میں کیا کیونکہ ہلاک ہونے والے دونوں شہری اسے لوٹنا چاہتے تھے۔

ریمنڈ ڈیوس کے خلاف ان دنوں لاہور میں ایک مقدمے کی سماعت جاری ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیوس کو ایک سفارتکار ہونے کی وجہ سے اپنے خلاف عدالتی کارروائی سے استثنٰی حاصل ہے، اس لیے اسے رہا کیا جائے۔ لاہور میں امریکی قونصل خانے کے مطابق ڈیوس اس قونصل خانے کا ایک کارکن ہے۔

پاکستانی حکومت نے ابھی تک اپنی طرف سے لاہور کی متعلقہ عدالت کو حتمی طور پر یہ اطلاع نہیں دی کہ آیا ریمنڈ ڈیوس ایک سفارتکار ہے اور اسے سفارتی استثنٰی حاصل ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں