1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں ویمن آف دی ورلڈ فیسٹیول کی رونقیں

عنبرین فاطمہ، کراچی1 مئی 2016

مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی کامیابیوں اور ان کی راہ میں حائل مشکلات پر نظر ڈالنے کے لیے آج اتوار یکم مئی کو کراچی میں ایک روزہ ویمن آف دی ورلڈ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ig8c
Pakistan Karatschi WOW Festival
تصویر: DW/U. Fatima

ویمن آف دی ورلڈ نامی بین الاقوامی مہم کا آغاز 2011ء میں لندن سے کیا گیا تھا۔ اس مہم کے تحت ایسے ایک روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں خواتین، ان کی کامیابیاں اور ان کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ لندن سے شروع ہونے والا یہ فیسٹیول اب تک دنیا کے چھ بر اعظموں میں منایا جا چکا ہے اور اس میں کروڑوں خواتین شرکت کر چکی ہیں۔

اس برس جنوبی ایشیا میں اس فیسٹیول کے انعقاد کے لیے کراچی کا انتخاب کیا گیا، جس کے لیے برٹش کونسل سمیت بعض مقامی گروپوں کا تعاون حاصل کیا گیا۔ کراچی میں جاری اس فیسٹیول میں اس فیسٹیول کے دوران مختلف موضوعات پر مباحثے، لیکچرز اور اپنے شعبوں میں ماہر خواتین کی جانب سے پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔

Pakistan Karatschi WOW Festival Haseena Moin
ایک مباحثے میں مختاراں مائی ویلفئیر فانڈیشن کی بانی مختاراں مائی (دائیں سے دوسرے نمبر پر) بھی شریک ہوئیںتصویر: DW/U. Fatima

ویمن آف دی ورلڈ کی بانی اور لندن کے ساؤتھ بینک سینٹر کی آرٹسٹک ڈائریکٹر جوڈ کیلی کراچی میں اس فیسٹیول کے انعقاد کے حوالے سے کہتی ہیں کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ وہ خواتین کے لیے ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے میں کامیابی رہی ہیں، ’’یہ ایک ایسی جگہ ہے، جہاں خواتین ان تمام اہم معاملات پر گفتگو کر سکتی ہیں، جن کا سامنا انہیں آج کے زمانے میں کرنا پڑتا ہے۔ اس برس کراچی میں ہونے والا یہ فیسٹیول جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی تمام خواتین کی کامیابیوں کا جشن ہے۔‘‘

اس فیسٹیول میں شرکت کے لیے اپنے اپنے شعبوں میں کامیاب اور ماہر 80 خواتین کو دعوت دی گئی ہے جو مختلف موضوعات پر گفتگو کر رہی ہیں۔ برٹش کونسل کی آرٹس ڈائریکٹر سنبل خان کے مطابق، ’’آج کے ہونے والے اس میلے میں جن اہم موضوعات پر بات کی جا رہی ہے، ان میں ملازمت کی جگہ پر مساوات، خواتین کی انصاف تک رسائی، عوامی مقامات پر خواتین کے لیے جگہ، چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی، غیرت کے نام پر تشدد اور زیادتی وغیرہ شامل ہیں۔‘‘

Pakistan Karatschi WOW Festival Haseena Moin
اس فیسٹیول میں شریک اپنے اپنے شعبوں میں کامیاب اور ماہر 80 خواتین میں معروف ادیبہ اور ڈرامہ نگار حسینہ معین بھی ہیںتصویر: DW/U. Fatima

اس فیسٹیول کے ذریعے ملک بھر سے خواتین ایک ایسے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہی ہیں، جہاں سیاست دان، لیڈران، سماجی کارکنان، ادیب، آرٹسٹ اور مختلف طرح کے کاروبار سے وابستہ افراد آج کے دور کی خواتین کو درپیش مسائل اور دیگر غور طلب امور پر بات کر رہے ہیں۔

اس میلے میں جو معروف پاکستانی خواتین شریک ہیں اور ‘ویمن ایمپاورمنٹ‘ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں، ان میں سیاستدان اور رکن قومی اسمبلی کشور زہرا، مختاراں مائی ویلفئیر فانڈیشن کی بانی مختاراں مائی، معروف مصنفہ اور خواتین کے لیے آواز بلند کرنے والی غوثیہ سلام، معروف گلوکارہ ٹینا ثانی، ملک کی چوٹی کی رقاصہ شیما کرمانی اور خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر سمیت کئی دیگر خواتین بھی شامل ہیں۔

Pakistan Karatschi WOW Festival
کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں جاری اس میلے میں خواتین کے لیے ملازمتوں اور کاروبار وغیرہ کرنے کے لیے ماہرانہ مشوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہےتصویر: DW/U. Fatima

کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں جاری اس میلے میں خواتین کے لیے ملازمتوں اور کاروبار وغیرہ کرنے کے لیے ماہرانہ مشوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ میلے میں شریک خواتین کم سرمایہ کاری یعنی صرف ایک لاکھ روپے سے کاروبار کا آغاز کرنے، دس کامیاب ترین خواتین سے ان کی کامیانیوں کا راز جاننے اور اس جیسی کئی دیگر ورکشاپس میں شرکت کر سکتی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید