1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی: نیوی کی بسوں کے قریب دو دھماکے، کم ازکم چار ہلاک

26 اپریل 2011

پاکستانی بندرگاہی شہر کراچی میں آج نیوی کی بسوں کے قریب ہوئے دو حملوں میں کم ازکم چار افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/113ra
تصویر: AP

پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یکے بعد دیگرے ہونے والے ان حملوں میں ڈیفنس ہاؤسنگ اسکیم اور بلدیہ ٹاؤن میں نیوی کی دو بسوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان بحریہ کے اہلکار اپنے اپنے دفتروں کی طرف رواں تھے کہ اچانک ہی یہ حملے ہوئے۔ پاکستان بحریہ کے ترجمان نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں پاکستان بحریہ کی ایک لیڈی ڈاکٹر اور سب لیفٹینیٹ بھی شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ان حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ دہشت گردانہ حملوں کی اطلاع پہلے سے تھی تاہم انہوں نے ایسی تمام تر خبروں کو بے بنیاد قرار دیا کہ یہ واقعات پولیس کی کوتاہی کی وجہ سے ممکن ہوئے۔ انہوں نے 37 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی کی۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ دو ہفتے کے اندر ہی اس حملے کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔

Pakistan Ausschreitungen
گزشتہ برس کراچی میں پر تشدد واقعات کے نتیجے میں کم از کم 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئےتصویر: dpa - Bildfunk

کراچی کے اعلیٰ پولیس اہلکار راجہ عمر خطاب نے بتایا ہے کہ یہ بم موٹر سائیکلوں کے ساتھ نصب کیے گئے تھے اور جیسے ہی نیوی کی بسیں ان کے قریب سے گزریں تو وہ دھماکہ سے پھٹ گئے۔ دوسری طرف خبر رساں ادارے اے ایف پی نے صوبائی محمکہ ء پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک بم موٹر سائیکل میں نصب تھا جبکہ دوسرا کوڑے کے ایک ڈبے میں چھپایا گیا تھا۔

کراچی کی خفیہ ایجنسیوں کے مطابق یہ ریموٹ کنٹرول بم تھے۔ ایک اور پولیس اہلکار شرف الدین میمن نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح قریب ساڑھے سات بجے ہوئے۔ خیال رہے کہ پانچ روز قبل کراچی میں واقع جوئے کے ایک غیر قانونی اڈے پر ہوئے بم حملے میں کم ازکم اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

دوسری طرف پیر کے دن ہی صوبہ بلوچستان میں ایک مسافر بردار بس پر ہونے والے حملے میں کم ازکم تیرہ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے 180 کلو میٹر دور واقع سبی میں ہوا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں