1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کتاب میلے میں ڈوئچے ویلے کی شرکت

23 دسمبر 2011

کراچی میں منعقدہ حالیہ کتاب میلے میں ڈوئچے ویلے کی اردو سروس بھی شریک ہوئی، جس کا اسٹال نمائش کا رخ کرنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔

https://p.dw.com/p/13YSX
تصویر: DW

کراچی میں منعقد کیا گیا عالمی کتب میلہ تین روز تک جاری رہا۔ اس میں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی اشاعتی اور نشرتاتی اداروں نے بھی اپنے اسٹال لگائے تھے، جو شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے۔ بالخصوص ڈویچے ویلے کے اسٹال کا دورہ کرنے والی علمی و ادبی شخصیات نے نہ صرف اس میں دلچسپی کا اظہار کیا بلکہ نمائش میں شریک حکومتی عہدیدار بھی ادارے کے کردار اور کارکردگی کا اعتراف کرتے دکھائی دیے۔

سندھ کی وزیر اطلاعات شازیہ عطا مری کے مطابق جرمنی کی ریاست اور وہاں کے عوام کئی ادوار سے گزرے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہاں کے نشریاتی اداروں خصوصاﹰ ڈویچے ویلے نہ صرف دنیا بھر میں اپنی غیر جانبداری کے لیے مشہور ہے بلکہ حالات حاضرہ پر پیش کیے جانے والے تبصرے بھی توازن اور معیار میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

صرف حکومتی عہدیدار ہی نہیں بلکہ پاکستانی شہری جو کئی دہائیوں سے ڈویچے ویلے ریڈیو کی اردو سروس کے ذریعے نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر رونما ہونےوالے واقعات سے باخبر رہتے ہیں بلکہ ریڈیو پر پیش کیے جانے والے غیر جانبدارانہ اور بے لاگ تبصروں سے بھی دنیا بھر کے حالات سے باخبر رہتے ہیں۔

KIBF Karachi International Book Fair 2011
تصویر: DW

نمائش میں شریک ایسے ہی ایک مندوب جاوید تسلیم جو انیس سو اٹھہتر سے ڈوئچے ویلے ریڈیو کے ذریعے عالمی حالات سے باخبر رہتے ہیں، اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روز مرہ مصروفیات کے باعث بروقت ریڈیو سننا ممکن نہیں لیکن ایسے وقت میں ڈویچے ویلے نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے سامعین کا یہ مسئلہ حل کردیا ہے۔

میلے میں شریک دیگر شرکا نے بھی ڈوئچے ویلے کی ویب سائٹ اور ریڈیو میں جس دلچسپی کا اظہار کیا اس سے اندازہ ہوا کہ یہ جرمن ریڈیو اور اس کی ویب سائٹ اپنے غیر جانبدارانہ تجزیوں کی وجہ سے پاکستان میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: ندیم گِل