1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کے مسائل اور پابند سلاسل میئر

رفعت سعید، کراچی24 اگست 2016

ایم کیو ایم نے تیسری مرتبہ کراچی کے میئر کا انتخاب سادہ اکثریت سے جیت لیا ہے۔ سید وسیم اختر کو کراچی کا میئر منتخب کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JoPM
سید وسیم اختر
سید وسیم اخترتصویر: DW/R. Saeed

آج 24 اگست کو منعقد ہونے والے انتخابات میں کراچی کے بلدیاتی نمائندوں نے سید وسیم اختر کو اپنا میئر منتخب تو کر لیا ہے مگر وسیم اختر دہشتگردوں کو علاج معالجے اور دیگر سہولیات دینے کے الزام میں پابند سلاسل ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ ایسی صورت میں کراچی کے مسائل کا حل کیسے ممکن ہوگا؟

ایم کیو ایم نے گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کراچی اور حیدر آباد سے بھرپور کامیابی حاصل کی تھی مگر قانون پیچیدگیوں کے باعث میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں غیر معمولی تاخیر ہوئی۔

کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر تین سو آٹھ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اپنا ووٹ استعمال کرنا تھا۔ ان میں سے ایم کیو ایم کے نمائندوں کی تعداد دو سو چودہ تھی۔ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تاریخی عمارت میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا اور وسیم اختر کو جیل سے ووٹ کاسٹ کرانے کے لیے لایا گیا۔

وسیم اختر دہشتگردوں کو علاج معالجے اور دیگر سہولیات دینے کے الزام میں پابند سلاسل ہیں
وسیم اختر دہشتگردوں کو علاج معالجے اور دیگر سہولیات دینے کے الزام میں پابند سلاسل ہیںتصویر: DW/R. Saeed

ایم کیو ایم کی طرف سے سید وسیم اختر کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے علاوہ دو آزاد امیدوار بھی تھے جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے نواز لیگ اور ایک آزاد امیدوار بھی مد مقابل تھا۔ پولنگ کے لیے مقررہ آٹھ گھنٹے کے دورانیے میں دو سو پچانوے بلدیاتی نمائندوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔

ان میں سے ایک سو چورانوے ووٹ لے کر وسیم اختر میئر اور ارشد وُہرا ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔ وسیم اختر کے قریب ترین حریف امیدوار کو 94 ووٹ ملے۔

وسیم اختر نے کامیابی کا اعلان ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایم کیو ایم نہیں کراچی کا میئر ہوں۔ انہوں نے ماضی کی تلخیوں کو بھلا کرعوام کی بلا تفریق خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے کراچی کا مینڈیٹ تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وسیم اختر نے توقع کا اظہار کیا کہ اگر وزیر اعلٰی بلدیاتی حکومتوں کو اختیار دیں گے تو کراچی، سندھ اور پاکستان ترقی کرے گا۔

ڈی جی رینجرز کو نام لے کر مخاطب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا، ’’میرے ساتھ صرف ایم کیو ایم کے نہیں، ہر جماعت کے بلدیاتی نمائندے ہیں۔ ہمیں کراچی کی عوام نے منتخب کیا ہے۔ ہم مسئلہ نہیں مسئلے کا حل ہیں۔ ہمارا جینا مرنا یہیں ہے۔ مجھے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کی رہنمائی چاہیے تاکہ ہم شہر کے بدخواہوں کا قلع قمع کرسکیں۔‘‘

میرے ساتھ صرف ایم کیو ایم کے نہیں، ہر جماعت کے بلدیاتی نمائندے ہیں، وسیم اختر
میرے ساتھ صرف ایم کیو ایم کے نہیں، ہر جماعت کے بلدیاتی نمائندے ہیں، وسیم اخترتصویر: Imago/ZUMA Press

اس سے قبل وسیم اختر کے وکیل محفوظ یار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر جیل میں میئر کا دفتر کھولیں گے اور وہیں سے ویڈیو لنک کے ذریعے کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں ایسی سہولیات نہیں ہیں کہ میئر جیل سے اپنا دفتر چلائے۔ البتہ اگر پیپلز پارٹی کی متعارف کرائی گئی مفاہمت کی پالیسی جاری رہی تو وزیر اعلٰی سندھ وسیم اختر کو پے رول پر رہا کرسکتے ہیں۔ تاہم ان خدشات کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے کہ وسیم اختر چونکہ منتخب ہونے سے پہلے ہی اختیارات کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، ایسی صورت میں پیپلز پارٹی کے لیے ان کو رہا کرنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوگا۔

تجزیہ کار کے آر فاروقی کے مطابق، ’’سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے بعد جو تصویر واضح ہوئی ہے وہ 2013ء کے عام انتخابات جیسی ہے۔ شہری علاقوں میں ایم کیو ایم اور دیہی علاقوں میں پیپلز پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کی ہے۔ پیپلز پارٹی منحرف رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ضلع بدین سمیت دیگر اضلاع میں بھی کامیاب رہی ہے لیکن اب دونوں جماعتوں کا اصل امتحان شروع ہوگا کہ وہ کس طرح تباہ حال کراچی اور سندھ کے غریب عوام کی زندگیوں کو بہتر بناتے ہیں۔‘‘