1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کے میدان پر خان کی حکمرانی

خبر رساں ادارے24 فروری 2009

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان تیسرے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے ٹرپل سنچری سکور کی ہے۔

https://p.dw.com/p/H0Ha
پاکستانی کپتان یونس خان جنہوں نے ٹرپل سنچری سکور کیتصویر: AP

سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے 644 کےجواب میں کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 574 رنز بنا لئے ہیں۔

ٹرپل سنچری بنانے والے یونس خان دنیائے کرکٹ کے ان 20 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جو اس اعزاز سے سرافراز ہوئے۔ یونس خان سے پہلے پاکستان کی طرف سے انضمام الحق اور حنیف محمد ٹرپل سنچری بناچکے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یونس خان حنیف محمد کے 337 اور ویسٹ انڈیز کے شہرہء آفاق بیٹسمین برائن لارا کے 400 رنز کے عالمی ریکارڈ کو توڑنے میں کامیاب ہوں گے یا نہیں؟ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ہزار رنز بھی پورے کئے ہیں۔اس طرح وہ چھٹے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میچوں میں پانچ ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کا منصب سنبھالنے کے بعد یونس خان کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

کھیل کے چوتھے روز بھی کپتان یونس خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے سری لنکا کے خلاف 306 رنز اسکور کئے۔ اسکور برابر کرنے کے لئے پاکستان کو مزید 70 رنز درکار ہیں۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کپتان یونس خان نے سری لنکن باؤلرز کے چھکے چھڑا دیئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹریپل سنچری اسکور کرلی ہے اور وہ بدستور کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو اب تک پانچ وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں مصباح الحق42، فیصل اقبال 57، سلمان بٹ 23، خرم منظور 27 اور شعیب ملک 56 رنز شمال ہیں۔سری لنکا کی جانب سے فرنانڈو، مینڈس، مرلی دھرن اور جے وردھنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔