1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسٹیانو رونالڈو: سال دو ہزار آٹھ میں دنیا کے بہترین فٹ بال کھلاڑی

13 جنوری 2009

فٹ بال کے ایک مایہ ناز کھلاڑی کا سپنا سچ ہو گیا ہے۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو سال دو ہزار آٹھ کا دنیا کا بہترین فٹ بال کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GWyk
کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے بہترین فٹ بال کھلاڑی کی ٹرافی کے ساتھتصویر: AP

اپنے شاندار کھیل کے باعث پوری دُنیا میں ایک سٹار کا درجہ رکھنے والے رونالڈو کو، جو آج کل برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہیں، پہلے ہی سن دو ہزار آٹھ کے بہترین یورپی فٹ بال کھلاڑی کے اعزاز سے سرفراز کیا جا چکا ہے۔ پیر کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں عالمی فٹ بال فیڈریشتن فیفا کی نمائندگی کرتے ہوئے برازیل کے نامور سابقہ کھلاڑی پیلے نے بتایا کہ رونالڈو کو قومی فٹ بال ٹیموں کے کوچز اور کپتانوں پر مشتمل جیوری نے 935 ووٹ دے کر کامیاب کیا۔

678 پوائنٹس لے کر ایف سی بارسلونا کے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اکیس سالہ کھلاڑی لائنل میسی دوسرے نمبر پر رہے۔ سن دو ہزار سات میں بھی اُنہیں دوسری ہی پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔

رونالڈو نے، جنہیں عام طور پر مغرور خیال کیا جاتا ہے، یہ اعزاز ملنے کے بعد اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپنی زندگی میں اب تک اُنہوں نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے، وہ اُن اچھے کھلاڑیوں کے بغیر ممکن نہیں تھا، جو اُنہیں اپنے ساتھ میسر آئے ہیں۔

رونالڈو نے کہا: ’’یہ میری زندگی میں ایک اور زبردست لمحہ ہے اور میریے لئے یہ اعزاز دراصل باعث افتخار ہے۔ میرے فٹ بال کیریئر کا شاید یہ سب سے عظیم لمحہ ہے۔‘‘

Fußballerin Marta bei der Fifa-Gala in Zürich
پیر بارہ نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ کے اوپیرا ہاؤس میں منعقدہ ورلڈ فٹ بال پلیئرز گالا کے دوران برازیل کی کھلاڑی مارتا بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملنے پر آبدیدہتصویر: AP

خواتین میں مسلسل تیسری مرتبہ دنیا کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز برازیل کی مارتا کے حصے میں آیا۔ اِس طرح اُنہوں نے جرمنی کی مایہ ناز فٹ بال کھلاڑی بِرگِٹ پرنس کا تین بار یہ اعزاز حاصل کرنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ اِس بار البتہ پرنس گذشتہ سال ہی کی طرح دوسرے نمبر پر رہیں۔

پیر کو منعقدہ تقریب سے پہلےمارتا نےاعلان کیا کہ وہ عنقریب لاس اینجلس سول کلب کی طرف سے کھیلتےہوئے امریکی پروفیشنل لیگ میں حصہ لیں گی۔ مارتا کو جیوری کی جانب سے ایک ہزار دو پوائنٹس کے ساتھ دنیا کی بہترین فٹ بالر چنا گیا۔ دوسرے نمبر پر آنے والی جرمن کھلاڑی پرنس کو محض تین سو اٹھائیس پوائنٹس مل سکے۔

مغربی اُردن میں بین الاقوامی فٹ بال کے لئے نمایاں خدمات پر فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کو فیفا کی جانب سے خصوصی ایوراڈ سے نوازا گیا۔