1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کروڑوں افراد کا معیار زندگی بہتر ہو گیا، اقوام متحدہ

18 مارچ 2010

دنیا بھر میں27 کروڑ افراد گزشتہ دس برسوں کے مقابلے میں اب بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کی یہ تعداد کچی آبادیوں سے نکل کر اب بہتر علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔

https://p.dw.com/p/MVeM
تصویر: AP

اس پیش رفت کو اقوام متحدہ کے ہزاریہ ترقیاتی اہداف MGDs کی کامیابی کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ان اہداف میں سن 2020ء تک دنیا بھر کے کم از کم دس کروڑ افراد کا معیار زندگی بہتر بنانا کا ہدف بھی شامل ہے۔

’اسٹیٹ آف دی ورلڈ سیٹیز‘ نامی یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام نے جاری کی ہے، جسے ’یو این ہیبیٹیٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس بہتری کی وجہ بالخصوص چین اور بھارت میں رہائشی منصوبوں پر دی گئی توجہ ہے۔ اقوام متحدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے باوجود کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کی تعداد میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا ہے، جس کی وجہ آبادی میں تیز تر اضافہ اور دیہات سے شہروں کی طرف نقل مکانی کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔

Gebäude der Vereinten Nationen in New York
’یہ پیش رفت ہزاریہ اہداف کی کامیابی ہے‘تصویر: AP

سن 2000ء سے 2010ء تک کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کی تعداد 77 کروڑ سے بڑھ کر 82 کروڑ ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مصنفین میں سے ایک Gora Mboub کا کہنا ہے کہ شہر کچی آبادی میں بہتری کی شرح سے زیادہ تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد میں ساڑھے پانچ کروڑ کا اضافہ آبادی بڑھنے سے ہوا ہے جبکہ ایک چوتھائی دیہات سے وہاں جا بسے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی اقدامات میں کمی کے نتیجے میں کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کی تعداد میں چھ کروڑ نفوس کا سالانہ اضافہ ہوگا اور 2020ء تک ان کی مجموعی تعداد 88کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔

رپورٹ: ندیم گل/خبر رساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید