1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: بھارتی ٹیم کے لیے 190 رنز کا آسان ٹارگٹ

9 مارچ 2011

ہالینڈ کی کرکٹ ٹیم کی جانب سےبہترافتتاحی شراکت کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین جم کر بھارتی اسپنرز کا مقابلہ کر نے سے قاصر رہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد کامران اکمل شدید تنقید کی زد میں ہے۔

https://p.dw.com/p/10WFw
ٹنڈولکر:ورلڈ کپ میچوں میں 2000 رنزتصویر: AP

ہالینڈ کے افتتاحی جوڑی نے نصف سنچری سے زائد کی شراکت قائم کی اور پھر بعد میں ڈچ کھلاڑی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ ساری ٹیم 47 ویں اوور میں 189 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ابتدائی تین کھلاڑی 25 سے زائد اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔کپتان ولیم بورین اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور تین چوکے بھی لگائے۔ وہ 38 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

یوراج سنگھ اور پیوش چاولہ نے اپنی اسپن بالنگ سے ولندیزی بیٹنگ کو ایک طرح سے مفلوج کردیا تھا۔ لیکن مدثر اور بورین نے ٹیم کے اسکور کو عزت فراہم کی۔ ظہیر خان تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ یووراج اور چاولہ دو دو کھلاڑی آؤٹ کر سکے۔ یووراج سنگھ نے آئر لینڈ کے خلاف بھی شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ولندیزی بالر بھارتی تجربہ کار بیٹسمینوں پر ابتداء میں کوئی امپیکٹ چھوڑنے میں ناکام رہے۔ ڈچ بالروں کی غلطیوں کا بھارتی کھلاڑیوں نے بھرپور اٹھایا۔ بعد میں سیلر اور بورین نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ وریندر سہواگ 39، ٹنڈولکر 27 اور یوسف پٹھان گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تینوں کو ڈچ بالر پیٹر سیلر نے آؤٹ کیا۔ ٹارگٹ کے حصول میں اب تک بھارتی ٹیم کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ ایک آسان ٹارگٹ کو بھارتی بیٹسمینوں نے مشکل بنا دیا۔

Kricket Weltmeisterschaft Indien 2011
بھارتی شائقین میدان میںتصویر: AP

ورلڈ کپ میچوں میں سچن ٹنڈولکر دو ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 39 میچ کھیل کر دو ہزار رنز بنائے ہیں۔

گروپ اے میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین راس ٹیلر کے آسان کیچ چھوڑنے پر کامران اکمل کو ٹیم اور بین الاقوامی کرکٹ مبصرین کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اندر بھی خاصی تنقید کا سامنا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے اشارہ دیا ہے کہ ان کے بھائی عمر اکمل کو اگلے میچ میں بطور وکٹ کیپر شامل کر کے کامران کو باہر بٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کامران نے صفر کے اسکور پر ٹیلر کا پہلا کیچ چھوڑا تھا۔ کامران نے ٹیلر ہی کا دوسرا کیچ آٹھ کے اسکور پر گرایا۔ ٹیلر نے پاکستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی اور میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس میچ میں شکست کے بعد پاکستان اب پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے مقام پر ہے۔ اس کا رن ریٹ بھی خاصا گر گیا ہے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا اگلا میچ 14مارچ کو زمبابوے کی ٹیم کے خلاف ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں