1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ کی الٹی گنتی کا آغاز

20 فروری 2010

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے انیس فروری سے دوہزار گیارہ کے ورلڈ کپ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کے بارے میں آئی سی سی بہت پرامید ہے۔

https://p.dw.com/p/M6nZ

14 قومی ٹیموں کی شرکت پر مشتمل کرکٹ ورلڈ کپ ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ اگلے سال یعنی سن دو ہزار گیارہ میں اس کا افتتاح 19 فروری کو بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ کے میر پور اسٹیڈیم میں ہوگا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ کے بقول’ برصغیر میں کرکٹ کے کھیل کی مقبولیت اور اس کھیل کے ساتھ غیر معمولی وابستگی کا احساس پایا جاتا ہے۔ اس کے لئے جو ملک بھی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہا ہو وہ اس ایونٹ کو ممکنہ حد تک کامیاب بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ سن دو ہزار گیارہ کا ورلڈ کپ بھی بہت کامیاب رہے گا‘۔

43 روز تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے میچز کا انعقاد بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے 13 شہروں میں ہوگا جبکہ فائنل کھیلا جائے گا ممبئی اسٹیڈیم میں 2 اپریل کو۔ پاکستان کو اگلے سال منعقد ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں مل سکے۔ اس کا فیصلہ سیکیورٹی کی صورتحال کے مد نظر کیا گیا ہے۔

BdT Pakistan Cricket Twenty20 World Cup
پاکستانی شائقین کا اسٹیڈیئم جاکر ورلڈ کپ کے مقابلے دیکھنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی نہیں دیتاتصویر: AP

دریں اثناء بھارت سے تعلق رکھنے والے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر رتنا کات شیٹی نے کہا ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ کے تینوں میزبان ملکوں سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش میں تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مختلف اسٹیڈیمز کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے بے تحاشہ انرجی اور دگیر وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔ آسٹریلیا کی شدید خواہش نظر آرہی ہے کہ چوتھی بار بھی اسے ورلڈ کپ ٹائٹل کے حصول میں کامیابی ہو۔ کینگروز نے گزشتہ سال ساؤتھ افریقہ میں چمپئنز ٹرافی جیت کر اپنی بہترین کا کردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

آسٹیریلیا کی ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ چھ ماہ کے اندر اپنے کھیل کے معیارکو بہت بہتر بنایا ہے اور اب ان کے پاس آل راؤنڈر کھلاڑیوں کا ایک دستہ موجود ہے جو بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ پونٹنگ نے بڑے یقین کے ساتھ کہا ہے کہ ان کی ٹیم چوتھے ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کے لئے پوری طور سے تیار ہوکر برصغیر آئے گی۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2011 ء میں آسٹریلیا کے علاوہ انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، نیو زی لینڈ، بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، زمبابوے،آئر لینڈ، کینیڈا، نیدر لینڈ اور کینیا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

رپورٹ کشور مصطفیٰ

ادارت شادی خان سیف