1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا فیصلہ نہیں کیا‘: پرناب مکھر جی

4 دسمبر 2008

بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھر جی نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کےبارے میں ابھی تک کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/G8SI
پرناب مکھرجی نے کہا ہے کہ حکومت نے ممبئی میں ہونے والے حالیہ واقعات کے بعد ابھی تک اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاتصویر: AP

بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھرجی نے کہا ہے کہ حکومت نے ممبئی میں ہونے والے حالیہ واقعات کے بعد ابھی تک اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت کی جانب سے ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم ممبئی میں ہونے والے واقعات کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کے امکانات بہت کم ہو گئے ہیں۔

بی سی سی آئی نے اس بات کو پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں فیصلہ حکومت کی اجازت کے بعد ہی کیا جائے گا۔ جنوری 2009 میں بھارتی ٹیم کو دورہ پاکستان میں تین ٹیسٹ ، پانچ ایک روزہ اورایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔


پاکستان میں سلامتی کے خدشات کے پیش نظر بیشتر ٹیموں کی جانب سے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے اعلانات کے باعث پاکستان کو آخری بار کسی بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کا موقع رواں سال جون میں ملا تھا جبکہ اسی صورتحال کے پیش نظر ستمبر میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پہلے ہی ملتوی کی جاچکی ہے۔


پاکستانی فاسٹ باؤلر سہیل تنویر نے اپنے ایک بیان مین کہا کہ اگر بھارتی ٹیم دورہ پاکستان نہیں کرتی تو یہ پاکستان اور کرکٹ کے لئے ایک بڑا نقصان ہو گا۔