1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کل کی خاتون اول آج کی وزیر خارجہ؟

قرۃالعین زمان21 نومبر 2008

تا حال باراک اوباما کی طرف سے ہلری کلنٹن کی نامزدگی کی تصدیق نہیں کی گئی لیکن سیاسی پنڈتوں اور اوباما کے تین قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ اگلے جمعرات سے پہلے ہی باراک اوباما اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان کر دیں گے۔

https://p.dw.com/p/FzSD
ماہرین کا کہنا ہے اس وقت ہلری کلنٹن سے زیادہ ذہین اور خارجہ امور کی ماہر، شاید ہی کوئی اور ہو ۔تصویر: picture-alliance/ dpa

ہلری کلنٹن اگر امریکہ کی وزیر خارجہ بنتی ہیں تو شاید مختلف ممالک کے وزراء کے ناموں کے تلفظ میں انہیں کچھ مسئلہ پیش آئے ۔ جیسا کہ انتخابی مہم کے دوران روسی صدر دمتری میدویدف کا نام لیتے ہوئے انہیں دقت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تا ہم ماہرین کا کہنا ہے اس وقت ہلری کلنٹن سے زیادہ ذہین اور خارجہ امور کی ماہر، شاید ہی کوئی اور ہو ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے خارجہ امور کے ماہر پیٹر بیکر کہتےہیں کہ ’’ہلری کابینہ میں حقیقی معنوں میں ممتازاور دنیا بھر کے لیے اہم ترین ثابت ہوں گی‘‘۔

Barack Obama und Hillary Rodham Clinton Debatte in Austin, Texas
سینیٹر ہلری کلنٹن اور نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما، عراق جنگ پر واضح طور پر مختلف سوچ رکھتے ہیں۔تصویر: AP

سینیٹر ہلری کلنٹن اور نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما، عراق جنگ پر واضح طور پر مختلف سوچ رکھتے ہیں۔ ہلری کلنٹن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران باراک اوباما کی خارجہ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اب اگر وہ اوباما کی کابینہ میں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالتی ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہےکہ امریکہ کی خارجہ پالیسی ہو گی کیا؟ اس حوالے سے اسلام آباد میں موجود خارجہ امور کے ماہر طارق فاطمی کہتے ہیں۔ ’’انتخابی مہم کے دوران سیاستدان بہت ساری پوزیشنز لیتے ہیں ایسے ہی ہلری اور اوباما کی سوچ عراق جنگ پر ایک سی نہیں تھی بلکہ ایران پر بھی وہ متضاد سوچ کے حامی تھے۔ تاہم اگر کلنٹن وزیر خارجہ بنتی ہیں تو صدر تو ایک ہی ہو گا اور پالیسی بھی وہی ہو گی جو باراک اوباما تشکیل دیں گے‘‘۔

طارق فاطمی مزید کہتے ہیں کہ ہلری کلنٹن نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کے لیے ایک بہترین انتخاب ہو گا۔ ’’ہلری کلنٹن کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کے لیے بہترین انتخاب ہو گا۔ کیونکہ ان کے شوہر سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے اپنے عہد صدارات کے دوران بھارت اور پاکستان کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی تھیں۔ ‘‘

تا حال باراک اوباما کی طرف سے ہلری کلنٹن کی نامزدگی کی تصدیق نہیں کی گئی لیکن سیاسی پنڈتوں اور اوباما کے تین قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ اگلے جمعرات سے پہلے ہی باراک اوباما اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان کر دیں گے۔