1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنفیڈریشنزکپ: تماشائیوں کی کم تعداد منتظمین کے لئے حیران کن

16 جون 2009

جنوبی افریقہ کی قومی فٹ بال کمیٹی اس وقت شدید دباؤ میں ہے کہ وہ کنفیڈریشنز کپ مقابلوں میں تماش بینوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔

https://p.dw.com/p/IByH
اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچوں میں اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے والوں کی تعداد بہت کم ہےتصویر: AP

اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچوں میں اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ اس لئے FIFA کے صدر سپب بلیٹر نے منگل کے روز اس ٹورنامنٹ کے منتظمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ منتظمین اسٹیڈیمز کو بھرنے کے لئے مناسب اقدامات نہیں کر رہے ہیں۔ بلیٹر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب دنیائے فٹ بال کی بہترین ٹیم اسپین کا میچ دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی تعداد بہت کم رہی۔ اسٹیڈیم آدھا خالی رہا۔ اسپین اپنا یہ میچ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف کھیل رہا تھا۔

فیفا کے ترجمان نکولاس مین گوٹ نے منگل کےروز، جوہانسبرگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ اس کوشش میں ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کی منتظم کمیٹی LOC کے ساتھ مل کر لوگوں کو تقویت دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ٹکٹ خریدیں اور اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھیں۔

مین گوٹ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اس کپ میں فیفا رینکنگ میں پہلے پانچ نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے تین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے نوجوانوں میں مفت ٹکٹیں تقسیم کرنے کی اطلاعات کو مسترد کیا اور کہا ان کی کوشش ہے کہ وہ لوگوں کو ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے کی تحریک پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

پیر کے دن فیفا کے صدر نےاس صورتحال پر جنوبی افریقہ کی منتظم کمیٹی سے ایک اہم ملاقات بھی کی۔ سیپ بلیٹر نے کہا کہ وہ تماش بینوں کی اتنی کم تعداد دیکھنے کے بعد خود بھی حیران ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تماش بینوں کی تعداد بڑھانے کے لئے مزید کوشش کی جانی چاہئے۔ بلیٹر نے کہا کہ اسکولوں اور نوجوانوں کو ترغیب دے کر اس تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

عمومی طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنے والوں کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ نامناسب تشہیری مہم اور ٹکٹوں کی قیمتیں ہیں۔ گروپ میچ کی سب سے سستی ٹکٹ تقریبا 9 ڈالر ہے جبکہ جنوبی افریقہ میں 43 فیصد آبادی کی یومیہ تنخواہ دو ڈالر یا اس سے بھی کم ہے۔


کنفیڈریشنز کپ کے ابتدائی میچ سمیت تمام چار میچوں کے تمام ٹکٹ فروخت نہیں ہوئے۔ حالانکہ ابتدائی میچ مہمان ٹیم جنوبی افریقہ اورعراق کے مابین تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ اس میچ میں تماش بینوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

عاطف بلوچ

ادارت : گوہر نذیر