1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنفیڈریشنز کپ کا دوسرا سیمی فائنل: برازیل کی جیت

25 جون 2009

جنوبی افریقہ میں جاری کنفیڈریشنز فٹ بال کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں برازیل نے میزبان ٹیم کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/IbNT
سیمی فائنل مقابلے میں برازیل کے کھلاڑی کاکا جنوبی افریقہ کے کھلاڑی Bernard Parker سے بچتے ہوئےتصویر: picture-alliance/ dpa

جمعرات کے دن جوہانسبرگ کے ایلس پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس سیمی فائنل مقابلے میں برازیل کے کھلاڑی Daniel Alves نے واحد گول کیا۔ متبادل کھلاڑی Daniel Alves نے یہ گول کھیل کے 88 ویں منٹ میں ایک فری کِک پر کیا۔

برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم اس میچ میں کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ تمام کھیل میں برازیلی کھلاڑی فٹ بال پر کنٹرول کرنے اوراچھے پاس کرنے میں بھی کوئی حیرت انگیز کمال نہ دکھا سکے۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔

کنفیڈریشنز کپ کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم برازیل اب اتوار کے دن ایلس پارک میں ہی کپ کےفائنل میں امریکہ کے مد مقابل ہو گی۔

Confed Cup 2009 - Brasilien - Südafrika
برازیل اور امریکہ کے مابین فائنل میچ اتوار کو کھیلا جائے گاتصویر: picture-alliance/ dpa

پہلے سیمی فائنل میں بدھ کے دن امریکہ کی ٹیم نے حیرت انگیز طور پر یورو چمپئین سن 2008 اورعالمی نمبرایک اسپین کو صفر کے مقابلے میں دوگولوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کر لی تھی۔ گزشتہ 15میچوں میں مسلسل کامیابی حاصل کرنے والی اسپین کی ٹیم کا اس ٹورنامنٹ سے باہر ہونا حیران کُن قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوبی افریقہ کے شہر Bloemfontein کے فری اسٹیٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں امریکہ کی طرف سے پہلا گول کھیل کے 27 ویں منٹ میں Jozy Altidore نے کیا جبکہ 74 ویں منٹ میں Dempsey نے دوسرا گول کر کے کنفیڈریشنز کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

کنفیڈریشنز کپ ہر چار سال بعد کھیلا جاتا ہے۔ اِس میں فٹ بال کے نگران عالمی ادارے فیفا کی معاون فیڈریشنوں کی چیمپئن ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ سن دو ہزار پانچ کا کنفیڈریشنز کپ جرمنی میں کھیلا گیا تھا جس کی فاتح برازیل کی ٹیم تھی۔ اُس نے فائنل میں ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میڈں چار گولوں سے شکست دی تھی۔ ابتداء میں اِس ٹورنامنٹ کا منظم سعودی عرب تھا اور کنگ فہد کپ نام کی ٹرافی فاتح ٹیم کو دی جاتی تھی۔ سن اُنیس سو بانوے اور پچانوے میں یہ ٹورنامنٹ اِس نام سے سعودی عرب میں کھیلا گیا اور بعد میں اِس کو کنفیڈریشنز کپ کا نام دیا گیا۔

عاطف بلوچ

ادارت: شامل شمس