1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوارٹر فائنل میچوں کی تیاریاں زوروں پر

28 جون 2006

9 جون کو ورلڈ کپ کے آغاز کے بعد سے بدھ 28 جون یہلا دن ہے کہ کوئی میچ نہیں کھیلا جا رہا۔ گویا نہ صرف کھلاڑیوں کو آرام کا وقفہ میسر آیا ہے بلکہ اُن کے لاکھوں کروڑوں مداحوں کو بھی۔ لیکن یہ وقفہ بہت ہی مختصر ہے اور جمعے کے روز سے کوارٹر فائنل میچ شروع ہو جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/DYO2
جرمن ٹیم کے کھلاڑی برلن میں پریکٹس کرتے ہوئے
جرمن ٹیم کے کھلاڑی برلن میں پریکٹس کرتے ہوئےتصویر: AP

9 جون کو شروع ہونے والے عالمی فٹ بال کپ کے مقابلوں نے جرمنی کو ہی نہیں بلکہ پوری دُنیا کو اپنے سحر میں گرفتار کر رکھا ہے۔ پورے جرمنی میں ہر شہر اور ہر قصبے میں میلے کا سا سماں ہے اور جرمنی کے سیاہ، سرخ اور سنہرے رنگ کے پرچموں کی ایک بہار سی آئی ہوئی ہے۔

ورلڈ کپ کے مقابلے ابھی 9 جولائی تک جاری رہیں گے لیکن 9 جون کو اِس کپ کے افتتاح کے بعد سے آج بدھ 28 جون وہ پہلا دن ہے کہ کوئی میچ نہیں کھیلا جا رہا۔ گویا نہ صرف کھلاڑیوں کو آرام کا وقفہ میسر آیا ہے بلکہ اُن کے لاکھوں کروڑوں مداحوں کو بھی۔ لیکن یہ وقفہ بہت ہی مختصر ہے، محض دو دن کا۔

پرسوں جمعے سے ایک بار پھر وہی ہنگامہ اور وہی جوش و خروش ہو گا، جس کی گویا پوری دُنیا عادی بھی ہو چکی ہے۔ اُس روز برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں جرمنی اور ارجنٹائن کے مابین کوارٹر فائنل کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

جرمنی بھر میں فٹ بال کے شائقین کا سب سے بڑا اجتماع اب تک روزانہ برلن کے برانڈن برگ گیٹ کے سامنے ہوتا رہا ہے، جمعے سے پھر وہاں پر لاکھوں شائقین جمع ہوں گے۔ بدھ کے روز وہاں محض اکا دکا شائقین ہی نظر آ رہے تھے گویا ایک طرح کی خاموشی ہے لیکن کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ خاموشی ویسی ہی ہے، جیسے کسی طوفان سے پہلے ہوا کرتی ہے۔

برانڈن برگ کے سامنے نصب کی گئی بڑی اسکرینوں کی تعداد بڑھا کر 9 عدد کی جا چکی ہے اور اِن پر براہِ راست میچ دیکھنے کے لئے جمعے کے روز ایک بار پھر جرمن اور غیر ملکی شائقین کی ایک بڑی تعداد وہاں کا رُخ کرے گی۔ ایک اندازے کے مطابق اُس روز مجموعی طور پر پانچ ملین سے بھی زیادہ شائقین وہاں جمع ہوں گے۔

منگل 27 جون کو آخری دو پری کوارٹر فائنل میچ ہوئے، جن میں فیورٹ اور اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم برازیل نے شہر Dortmund میں افریقی ملک گھانا کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ کوارٹر فائنل میں برازیل کا مقابلہ اب آئندہ ہفتے کے روز فرانس کے ساتھ ہو گا، جس نے کل ہینوَور میں اسپین کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی تھی۔ 1998ء کے ورلڈ کپ کا فائنل بھی برازیل اور فرانس ہی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا۔ تب فرانس نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر ورلڈ کپ جیت لیا تھا۔

کوارٹر فائنل کے میچوں کا آغاز پرسوں جمعے کے روز ہو گا، دارالحکومت برلن میں جرمنی اور ارجنٹائن کے مابین کھیلے جانے والے میچ سے۔ اُسی روز دوسرا میچ ہیمبرگ شہر میں کھیلا جائے گا، جس میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی، اٹلی اور یوکرائن کی ٹیمیں۔ ہفتے کے روز کوارٹر فائنل کا ایک میچ پرتگال اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یوں ورلڈ کپ کی رونقیں بھر پور طریقے سے جاری ہیں اور دیکھتے ہیں کہ بالآخر کونسی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرتی ہے۔