1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولکتہ وَن ڈے: سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست

25 دسمبر 2009

بھارت نے کولکتہ میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اِس میچ کی خاص بات گوتم گمبھیر اور وِیرات کوہلی کی سینچریاں تھیں۔

https://p.dw.com/p/LDF5
تصویر: AP

جہاں اپنے وَن ڈے کیریئر کی پہلی سینچری بناتے ہوئے اکیس سالہ کوہلی نے ایک چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے 107 رنز اسکور کئے، وہاں گمبھیر نے کسی وَن ڈے میچ میں اپنی ساتویں سینچری بنائی۔ گمبھیر چودہ چوکوں کی مدد سے 150 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اِس ڈے اینڈ نائٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے، جن میں تھارانگا کے 118 رنز بھی شامل تھے۔ وہ ظہیر کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

Cricket Upul Tharanga
دونوں ٹیموں کے مابین پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ اتوار کو نئی دہلی میں کھیلا جائے گاتصویر: AP

جواب میں بھارت اپنی اننگز کے آغاز پر ہی اپنے دونوں اوپنرز سے محروم ہو گیا۔ سری لنکا کے بالر سورنگا لکمل نے ویریندر سہواگ (10 رنز) اور سچن تندولکر (8 رنز)کو دیکھتے ہی دیکھتے پیولین میں واپس بھیج دیا۔ دو وکٹوں کے نقصان پر بھارت کا اسکور 23 رنز تھا۔

سینچریاں اسکور کرنے والے دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں سری لنکا کے خلاف وَن ڈے میچوں میں 224 رنز بنا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اِس سے پہلے یہ ریکارڈ 221 ر نز کا تھا، جو ویریندر سہواگ ا ور یووراج سنگھ نے اِسی سال فروری میں کولمبو میں قائم کیا تھا۔

ابھی مقررہ پچاس اوورز کی گیارہ گیندیں باقی تھیں کہ بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بناتے ہوئے یہ میچ جیت لیا۔ اِس طرح بھارت کو اِس وَن ڈے سیریز میں تین ایک کی ناقابلِ عبور برتری حاصل ہو گئی ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل