1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کونسون‘ طوفان، ویت نام میں بھی ایک ہلاک

18 جولائی 2010

فلپائن میں سمندری طوفان ’کونسون‘ کی زد میں آکر 68 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ویت نام میں بھی اس طوفان بے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ وہاں بھی ایک ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/OOOJ
تصویر: AP

ہنوئے میں قائم سیلاب اور طوفان جیسی ناگہانی آفات سے نمٹنے کی نیشنل کمیٹی کے ایک اہلکار کے مطابق کم از کم تین لاپتہ افراد میں سے ایک خاتوں ہلاک ہو گئی ہے جبکہ دو مچھیرے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ طوفان کونسون ہفتے کی شب ویت نام کے ساحلی علاقے میں انتہا شدت اور طاقتور لہروں کے ساتھ داخل ہوا تھا۔

انتظامیہ کے اہلکاروں کے مطابق ’کونسون طوفان بادوباراں کی شکل اختیار کرچکا ہے اور ویت نام کے وسطی اور شمالی علاقے بُری طرح اس کی لپیٹ میں ہیں۔‘ اطلاعات کے مطابق ملک کا بنیادی ڈھانچہ، خاص طور سے پانی کی تنصیبات کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

کونسون سے متاثرہ علاقوں سے تقریباً تیس ہزار افراد کے انخلا کا مرحلہ طے کر لیا گیا ہے اور ان علاقوں کی دیکھ بھال کے لئے ہزاروں ویت نامی فوجی تعینات کر دئے گئے ہیں۔

Erdrutsch auf Philippinen
فلپائن میں اس طوفان کے نتیجے میں کم ازکم 68 افراد ہلاک ہوئےتصویر: AP

کونسون ویت نام سے پہلے گزشتہ منگل کو منیلا میں آیا تھا۔ دارالحکومت منیلا کو براہ راست متاثر کرتے ہوئے یہ طوفان چین کے جنوبی ساحل سمندر کی طرف اس شدت سے بڑھ رہا تھا کہ محکمہ موسمیات کے اہلکاروں کو اس نے حیران کر دیا۔

اتوار کو امدادی کارکنوں نے سمندر سے مزید تین لاشیں برآمد کیں۔ جس کے بعد اس طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے فلپائن کےباشندوں کی تعداد 68 ہو گئی۔ تاہم موسم کی بدستور خرابی کے سبب مزید لاشوں کی تلاش کے کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت کے دوران اتنی تیز بارش کی امید نہیں کی جا رہی تھی۔

فلپائن بحرالکاہل پر قائم ممالک کے ’ٹائیفون بیلٹ‘ پر واقع ہے۔ اس ملک میں ہر سال تقریباً بیس بار سمندری طوفان آتا ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں اور ملکی بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصانات پہنچتا ہے۔

رپورٹ:کشور مصطفیٰ

ادارت: عاطف بلوچ