1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کون اوپر، کون نیچے: آئندہ چار دہائیوں کی پیش گوئیاں

19 اکتوبر 2010

آئندہ چالیس برس میں دُنیا بھر میں خواتین کی بڑی تعداد اہم عہدوں پر پہنچ جائے گی جبکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان مغربی ممالک کا رُخ کریں گے۔ یہ انکشافات مختلف طرح کی پیش گوئیوں پر مبنی ایک نئی رپورٹ میں کئے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Ph0b
تصویر: picture-alliance/chromorange

یہ رپورٹ ٹوفلیر ایسوسی ایشن نے جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 40 برس میں آفس ورکرز کے لئے دفتر میں حاضری ضروری نہیں رہے گی۔ جنوبی امریکہ کے خطے میں اقتصادی ترقی پائیدار رہے گی جبکہ مشرقِ وسطیٰ مذہبی تنازعات میں الجھا رہے گا۔

BdT Internationaler Tag Kampf gegen Gewalt gegen Frauen Guatemala City
’زیادہ سے زیادہ خواتین اہم عہدوں پر پہنچیں گی‘تصویر: AP

دُنیا بھر میں خواتین کی بڑی تعداد قائدانہ اور سرکردہ پوزیشنیں سنبھال لے گی۔ اس حوالے سے ٹوفلیر کی مینیجنگ پارٹنر دیبورا ویسٹفال نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا، ’فیصلہ سازی میں 50 فیصد آبادی کی شرکت سے کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔‘

ٹوفلیر ایسوسی ایشن نے پیش گوئیوں پر مبنی یہ رپورٹ 1970ء کی دہائی کی بلاک بسٹر ’فیوچر شاک‘ کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کی ہے۔ اس وقت مصنف الون ٹوفلیر نے اس دہائی کا مطالعہ کرتے ہوئے مستقبل کا حال بیان کیا تھا۔ انہوں نے اس وقت ٹیکنالوجی اور سائنس کی بہت تیز رفتار ترقی کی پیش گوئی بھی کی تھی۔

فیوچر شاک میں بیان کردہ ان کی بعض پیش گوئیاں سچ ثابت ہو چکی ہیں، جن میں سے خبروں کی تیز ترین ترسیل، ہم جنس پرست جوڑوں کی شادیاں اور پرتشدد واقعات اور قدرتی آفات میں اضافہ شامل ہیں۔ ان باتوں کے پیش نظر ٹوفلیر ایسوسی ایشن کی موجودہ پیشین گوئیوں پر توجہ دینا اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دُنیا کے جنوبی ممالک میں مسیحیت تیزی سے پھیلے گی جبکہ مغرب میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی ایمیگریشن وہاں کے ممالک میں عوامی رجحانات اور حکومتی پالیسیوں پر اثر انداز ہو گی۔

Symbolbild Krise im katholisch-jüdischer Dialog
’مشرقِ وسطیٰ مذہبی تنازعات کا مرکز رہے گا’تصویر: picture-alliance / dpa / Godong / DW-Fotomontage

رپورٹ میں شمالی کوریا اور ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بے قابو رویوں کا اظہار کرنے والی چند ہی ریاستیں باقی رہی گی اور سیاسی رہنماؤں کا اصل امتحان یہی ہو گا کہ وہ ان ممالک سے کیسا تعلق بنا پاتے ہیں اور انہیں جغرافیائی سیاسی ایجنڈوں پر قابو پانے کی اجازت کس حد تک دیتے ہیں۔

اس رپورٹ میں چین کو مستقبل کی عالمی اقتصادی طاقت قرار دیا گیا ہے، جس کے ساتھ برازیل اور بھارت بھی شامل ہوں گے۔ یہ ممالک کرنسی کے استعمال پر اثر انداز ہوں گے جبکہ وینزویلا اور افریقی ممالک ان کی توانائی کی ضروریات پوری کریں گے۔ سترہ نایاب دھاتوں کے لئے امریکہ کا انحصار چین پر رہے گا، جو ہتھیاروں سے لے کر ہر چیز بنانے کے لئے اہم ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک