1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کون بنے گا وزیر اعظم ؟

3 مارچ 2008

پاکستان میں عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ لیکن پارٹی ابھی تک فیصلہ نہیں کر پائی کہ کس کو وزیراعظم بنایا جائے۔

https://p.dw.com/p/DYEM
تصویر: AP

پاکستان کی وزارت عظمی کی کرسی کس کے حصے میں آئے گی اس بات کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہو سکا۔ اس بارے میں پارٹی کی جانب سے مختلف نام سامنے آرہے ہیں ۔ بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے بعد شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم کے لئے مخددم امین فہیم کا نام تجویز کیا تھا ۔ لیکن بعد میں انہوں نے ایک اور بیان میں کہا کہ نیا وزیر اعظم کسی دوسرے صوبے سے بھی ہو سکتا ہے۔ بہر حال اس تاج کو اپنے سر پر سجانے کے لئے ایک درجن سے زائد ارکان اسمبلی امید لگائے بیٹھے ہیں ۔اس سلسلے میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہیں ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کو سندھ کے لئے نئے وزیر اعلی کے چنا‎ؤ‎ کے لئے بھی مشکلات کا سامنا تھا کہ جو اب حل ہو چکا ہے۔ پارٹی نے کراچی میں ہوئے اپنے ایک اجلاس میں ، صوبے کے سابق وزیراعلی قائم علی شاہ کو ایک مرتبہ پھر اس منصب کے لئے منتخب کیا ہے۔ جبکہ پیر مظہر الحق پارلیمانی لیڈر ہونگے۔ اس موقع پر آصف زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا وزیر اعظم اس کو ہونا چاہیے کہ جو پیپلز پارٹی کے ساتھ مسلم لیگ( ن ) ، عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی جاعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

مخدوم امین فہیم کے علاوہ اس منصب کے لئے ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی یوسف رضا گیلانی ، پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر شاہ محمود قریشی اور پارٹی کے مرکزی رہنما احمد مختار کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پیپلز پارٹی والے کس کو چنتے ہیں۔